ملک کی بدقسمتی ، پارلیمان اور آزاد عدلیہ کی موجودگی میں آئین اور عدلیہ کی بالادستی سلب کی جا رہی ہے ، لیاقت بلوچ

ظ*قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے،حکومت نے بھی اتحادی سیاست کو فروغ دیا ہے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ووٹوںکی نمائندگی کررہی ہے،دوسری طرف اپوزیشن جس کے پاس ساڑھے تین کروڑ ووٹ ہیں وہ بھی عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کر پارہی , پاکستان میں اتحادی سیاست بھی ناکام ہوچکی ہے، چکوال پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب

منگل 8 جون 2021 22:57

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ پارلیمان اور آزاد عدلیہ کی موجودگی میں آئین اور عدلیہ کی بالادستی سلب کی جا رہی ہے ، قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے اور حکومت نے بھی اتحادی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ووٹوںکی نمائندگی کررہی ہے اور دوسری طرف اپوزیشن جس کے پاس ساڑھے تین کروڑ ووٹ ہیں وہ بھی عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کر پارہی لہٰذا پاکستان میں اتحادی سیاست بھی ناکام ہوچکی ہے۔

وہ منگل کو جماعت اسلامی ضلع چکوال کے دفتر میں چکوال پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ میں خطاب کررہے تھے۔ خطبہ استقبالیہ امیر جماعت اسلامی ضلع چکوال اشرف آصف نے پیش کرتے ہوئے چکوال پریس کلب کی عوامی مسائل اور قانون کی بالاستی کے حوالے سے کی جانیو الی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا جبکہ سیکرٹری جنرل افتخار احمد ملک نے صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمارے پروگرام میں تشریف لائے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، صدر محمد شفیق ملک اور سیکرٹری جنرل ذوالفقار میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکل حالات کے باوجود چکوال کے صحافی اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ چیئرمین خواجہ بابر سلیم محمود نے کہا کہ ملک میں حبس اور جبر بڑھتا جا رہا ہے اور آزادی کیساتھ لکھنے لکھانے میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں ، تقریب سے فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے رہنما سی آر شمسی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا شرمناک بل سامنے لا رہی ہے جو کہ آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔

لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بل کو مسترد کردیا ہے، انہوںنے کہا کہ حکومت ڈیلور نہیں کرپارہی، پی ڈی ایم کا شیرازہ بھی بکھر گیا ہے اور اس ملک میں ایک خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے ، وفاق اور صوبوں کی آپس میں لڑائی شروع ہوچکی ہے اور جس کے نتیجے میں پاکستان کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدرانہ انتخابات ہی پاکستان کا مستقبل ہیں لہٰذا آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ریاست کے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آخر میں جماعت اسلامی کی طرف سے نو منتخب عہدیداروں کو کتابیں پیش کی گئیں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں