ضلع چکوال میں ساڑھے نو لاکھ افراد کو مفت کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کیا جائیگا،کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم

اب تک ایک لاکھ ستائیس ہزار افراد مفت حفاظتی ویکسی نیشن کی سہولت حاصل کر چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر چکوال

منگل 15 جون 2021 20:46

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے تحفّظ صحتِ عامہ ویژن کے تحت حکومتِ پنجاب کے کورونا ویکسی نیشن پروگرام کے تحت ضلع چکوال میں ساڑھے نو لاکھ افراد کو مفت کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا جن میں سے اب تک ایک لاکھ ستائیس ہزار افراد مفت حفاظتی ویکسی نیشن کی سہولت حاصل کر چکے ہیں اور مجموعی ہدف کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے زیرِ نگرانی ضلع میں کام کرنے والے 22 ویکسی نیشن سینٹرز پر یومیہ سات ہزار سے زائد افراد کو حفاظتی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کورونا ویکسی نیشن آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ آگاہی سیمینار" ہمارا فرض اولین۔

(جاری ہے)

۔۔۔ ہر فرد کے لئے ویکسین" کے بینر تلے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا جس میں علمائے کرام و اکابرین سمیت ضلعی امن کمیٹی کے اراکین ، وکلائ ،انجمن تاجران و میڈیا کے نمائندگان ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر سعادت علی خان و دیگر افسران ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران ، این جی اوز ، ٹائیگر فورس اور سول سوسائٹی کے مختلف شعبوں کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کورونا ویکسین کے بارے میں زیرِ گردش افواہوں کو قطعی طور پر گمراہ کن قرار دیا اور عوام الناس سے کہا کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی طرف سے قائم کردہ قریبی ویکسی نیشن مراکز سے پہلی فرصت میں کورونا کے خلاف حفاظتی ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے شرکائے سیمینار کو تاکید کی کہ کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنے والوں کی بلا جھجک نشاندھی کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کورونا ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور سو فیصد ویکسی نیشن ہی کورونا وائرس سے سو فیصد بچاؤ کی ضامن ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعادت علی خان اور ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حسن نے سیمینار کے اغراض و مقاصد کی تفصیل پر روشنی ڈالتے ہوئے کورونا ویکسین کی اہمیت و ضرورت اور فوائد کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز ویکسین لگوانے کے لئے آنے والے لوگوں کو کم از کم وقت میں سہولت فراہم کر رہے ہیں اور تمام سینٹرز پر حسبِ طلب ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ سیمینار سے مولانا عبدالحلیم نقشبندی ،بزرگ شہری چوہدری محمد علی ، ملک طارق محمود ایڈووکیٹ اور ملک محمود آف منارہ سمیت ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین نے بھی خطاب کیا۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں