کمشنر راولپنڈی کے احکامات پر ضلع میں ڈینگی کنٹرول ایس او پیز کا نفاذ سختی سے یقینی بنانے کیلئے ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے ،بلال ہاشم

سرویلنس ٹیمیں ٹائر شاپس، تمام کاروباری مراکز ، پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں ، گوداموں ، گھروں اور زیر تعمیر عمارات سمیت ہر سطح پر سخت چیکنگ کر رہی ہیں ،ڈپٹی کمشنر چکوال

ہفتہ 19 جون 2021 17:01

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سید گلزار حسین شاہ کے احکامات پر ضلع میں ڈینگی کنٹرول ایس او پیز کا نفاذ سختی سے یقینی بنانے کیلئے ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت سرویلنس ٹیمیں ٹائر شاپس، تمام کاروباری مراکز ، پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں ، گوداموں ، گھروں اور زیر تعمیر عمارات سمیت ہر سطح پر سخت چیکنگ کر رہی ہیں اور اچانک چیکنگ کے دوران جس احاطہ سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا اس کوفوری طور پر سیل کرنے کے ساتھ ساتھ مالک کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کمشنر راولپنڈی کے زیرِ صدارت ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو مصور خان نیازی ، اے ڈی سی جی اشعر اقبال ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعادت علی خان سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے ضلع بھر میں ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان کے ایس او پیز کا سخت نفاذ یقینی بنانے کے ضمن میں کمشنر راولپنڈی ڈویڑن کے احکامات پر حسبِ منشا عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ سمیت تمام سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو تاکید کی کہ متعلقہ دائرہ کار میں ہاؤس کیپنگ تواتر کے ساتھ جاری رکھی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مکمل صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے ڈینگی لاروا کی افزائش کا باعث بننے والے جملہ عوامل خصوصاً گھروں ، دفاتر اور شہری علاقوں میں پارکس و دیگر عوامی مقامات پر پانی جمع ہونے کے تمام ذرائع کا مکمل خاتمہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے موسم برسات کے پیش نظر میونسپل اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نالوں اور سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی ہاٹ سپاٹس کے سو فیصد وزٹس پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے اور کسی جگہ سے ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں اس کی فوری اور مؤثر تلفی یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں