چکوال،محکمہ اینٹی کرپشن نے جعلسازی اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں تبدیلی کرنیوالے نائب تحصیلدار کو گرداور اور پٹواری سمیت گرفتار کرلیا

منگل 21 ستمبر 2021 21:50

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) محکمہ اینٹی کرپشن نے جعلسازی اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں تبدیلی کرنے والے نائب تحصیلدار کو گرداور اور پٹواری سمیت گرفتار کرلیا۔ نائب تحصیلدار راجہ آفتاب خالد جب حضرومیں تعینات تھا تو اس نے رشوت لیکر جعلسازی سے محکمہ مال کے ریکارڈ میں تبدیلی کی تھی جس پر 2019میں محکمہ مال کے تینوں اہلکاروں کیخلاف محکمہ اینٹی کرپشن اٹک نے مقدمہ درج کیا تھا اور اب اس مقدمے کی تفتیش کیلئے چکوال میںتعینات نائب تحصیلدار راجہ آفتاب خالد ، گرداور شاہ نواز اور پٹواری فراقت علی کو گرفتار کرلیا ہے۔

مبینہ تفصیلات کے مطابق تینوں اہلکاروں نے ہاشم علی ولد خوشحال خان مرحوم کیساتھ ملکر غلام قادر جو کہ زمین کا اصل مالک تھا اس کا نام تبدیل کر کے خوشحال خان کے نام کردیا تھا اور اسکا انتقال بھی 30اگست 2017کو غیر قانونی طور پر کردیاتھا۔

(جاری ہے)

سرکل آفیسر ثناء اللہ اٹک ثناء اللہ نے نثار احمد جوئیہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی رینج کی نگرانی میں تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چکوال شہر میں ہسپتال روڈ کی اراضی کا بھی غیر قانونی انتقال مذکورہ نائب تحصیلدار راجہ آفتاب خالد کی سربراہی میں گرداور اور پٹواری نے کیا تھا جبکہ بورڈ آف ریونیو کا حکم تھا کہ سرکاری دستیاب زمین-( Available land) غلام دستگیر نامی شخص کو منتقل کی جائے جبکہ مذکورہ اراضی کے اوپر ہسپتال روڈ پر پلازے اور مارکیٹیں بھی موجود تھیں جبکہ محکمہ مال کی رپورٹ کے مطابق اس وقت کے ڈی سی او محمود جاوید بھٹی نے بورڈ آف ریونیو پنجاب کو رپورٹ بھیجی تھی کہ یہ دستیاب زمین نہیں ہے مگر محکمہ مال کی ملی بھگت سے اور اثر رسوخ کی بنا پر لوگوں کے اربوں روپے کے پلازے اور مارکیٹیں غیر قانونی طور پر غلام دستگیر نامی شخص کو منتقل کی گئیں اور اس مالی اسکینڈل میں بھی راجہ آفتاب خالد کا نام انتقال اراضی میں موجود ہے۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں