سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا تیز رفتار اور میرٹ پر حل کمیشن کی اولین ترجیح ہے ،پیر ناصر جمیل ہاشمی

ریونیو اور دیگر متعلقہ شعبے دیئے گئے ٹائم فریم میں مسائل کا حل یقینی بنائیں،چیئرمین ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن

منگل 12 اکتوبر 2021 21:06

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2021ء)ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے چیئرمین پیر ناصر جمیل ہاشمی نے کہا ہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا تیز رفتار اور میرٹ پر حل کمیشن کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ریونیو اور دیگر متعلقہ شعبے دیئے گئے ٹائم فریم میں مسائل کا حل یقینی بنائیں تاکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے خاندانوں کو جلد از جلد اور مؤثر ریلیف کی فراہمی میں تاخیر و التواء کا عنصر پیدا نہ ہونے پائے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے کمیشن کو پیش کردہ مسائل کے حل کے سلسلہ میں متعلقہ سرکاری دفاتر کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے مانیٹرنگ میکانزم وضع کیا گیا ہے تاکہ مسائل کے حل کے عمل میں کسی بھی مرحلہ پر سست روی نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر عمران بشیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اجلاس میں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت چوہدری غلام ربانی ، عدنان رضا و دیگر اراکین اور اپنے مسائل پیش کرنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیشن کے چیئرمین پیر ناصر جمیل ہاشمی اور اے ڈی سی آر عمران بشیر نے اجلاس میں پیش کئے جانے والے مسائل اور ان کے حل کیلئے متعلقہ سرکاری محکموں کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کا مفصل جائزہ لیا۔

انہوں نے مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی کارروائی کو مزید تیز رفتار اور مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کی تاکید کی کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے ارسال کردہ مسائل تمام تر قانونی تقاضے پورے کر کے ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور اس ضمن میں غیر ضروری تاخیر کا شائبہ تک پیدا نہ ہونے دیا جائے ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں