دینی اور دنیاوی علوم مل کر مکمل علم بنتا ہے،عبدالقدیر اعوان

جمعہ 14 جنوری 2022 19:49

چکوال ۔14جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔14 جنوری2022ء) :تنظیم الاخوان کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان نے جمعہ کے روز بتایا کہ دینی اور دنیاوی علوم مل کر مکمل علم بنتا ہے جسے نبی کریم ۖ نے العلم فرمایا ہے ،  جب بھی کوئی معاملہ پیش آ جائے اس معاملے کو آپ ۖ کے حضور پیش کر دیا جا ئے یعنی اس معاملے میں آپ ۖ کا کیا حکم ہے ،حدود کیا ہیں۔

پھر وہ معاملہ عین اللہ کریم کے حکم کے مطابق ہو جائے گا ۔جب ہم کسی معاملے کی تشریحات اپنی مرضی سے کرتے ہیں تو ہمارا مقصد حل نہیں ہوتا بلکہ اپنی ذات اور پسند کے گرد گھوم رہا ہوتا ہے کہ میں کیا چاہتا ہوں۔وہ دارالعرفان منارہ میں روحانی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علوم دو طرح کے ہیں ایک فطری علم ہے جو ہر ذی روح کو اللہ کریم عطا فرماتے ہیں جیسے مچھلی کا بچہ پیدا ہوتے ہی پانی میں تیرنا شروع کر دیتا ہے یہ علم ہر جاندار کو اللہ کریم عطا فرماتے ہیں دوسرا علم ہے کسبی جسے اختیاری طورپر حاصل کیا جاتا ہے آگے اس کی دو قسمیں ہیں ایک  علم الادیان اور دوسرا علم الابدان  ایک دینی علم اور دوسرا دنیاوی علم ۔

(جاری ہے)

  یہ دونوں علوم حاصل کیے جائیں تو مکمل علم ہو گا جسے العلم کہا گیا اگر کسی نے صرف دینی علم حاصل کیا تو اس نے آدھا علم حاصل کیا اگر کسی نے صرف دنیاوی علم حاصل کیا اس نے بھی آدھا علم حاصل کیا اس لیے مکمل علم حاصل کرنے کے لیے دونوں علوم حاصل کرنے  ضروری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علم وہ جس کے اثرات مثبت ہوں وہ علم تعمیر کی طرف لے کر جاتا ہے ۔دنیاوی علوم کا ماحاصل بھی تب ہو تا ہے جب دینی علوم بھی حاصل کیے جائیں ۔آج بھی سائنس نے جتنی بھی ترقی کر لی ہے زیادہ سے زیادہ قرآن کریم کے احکامات کی تصدیق ہی ہو رہی ہے ۔حالانکہ قرآن کریم کے کسی حکم کو کسی کی تصدیق  کی ضرورت نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں