چکوال،ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں مسلح ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار

پیر 23 مئی 2022 23:46

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) ڈکیتی کی تین مختلف وارداتوں میں مسلح ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پہلا واقعہ تھانہ صدر چکوال کے علاقے سدوال میں پیش آیا جہاں پرچکوال شہر کا رہائشی عدیل حسن ،کاشف فاروق کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بھون جا رہا تھا کہ کہ تین مسلح ڈاکوئوں نے روک لیا اور اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل ہنڈا125،27ہزار روپے کی نقد رقم اور آئی فون لوٹنے کے بعد فرار وہ گئے۔

دوسرا واقعہ اسی تھانہ کے علاقے ڈب میںپیش آیا جہاں پر محمد بلال اور اس کا بھائی محمد جمال سکنائے ڈب جہلم روڈ پراپنے بلال جنرل سٹور پر موجود تھے کہ تین موٹر سائیکل سوار ڈاکو آ گئے اور انہوں نے پستول کی نوک پر 70ہزار روپے کی رقم ،موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹا اور فرار ہو گئے ،محمد بلال نے گائوں کے دیگر افراد کے ہمراہ ڈاکوئوں کو پکڑنے کے لیے تعاقب کیا تو ڈاکوئوں نے پستول کے بٹ مار کر اسے شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

تیسرے واقعہ میں رضوان مل کے ملازم کو پنجائن روڈ پر پولیس چیک پوسٹ کے قریب تین مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ لیا ،محمد عدنان ساکن پنجائن رضوان مل سے ڈیوٹی ختم کر کے گھر جارہا تھا کہ پولیس چیک پوسٹ کے قریب تین مسلح ڈاکوئوں نے روک لیا اور اسلحہ کی نوک پر 22ہزارروپے کی نقدی ،اے ٹی ایم کارڈ ،موبائل فون چھین لیا اور فرار ہو گئے، تینوں واقعات کے تھانہ صدر چکوال میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں