حکومتِ پنجاب نے سپیشل رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا سکیم کا اجراء کر کے صوبہ میں کم آمدنی والے خاندانوں کو بہت بڑا ریلیف دیا ہے، ڈاکٹر جمال ناصر

حکومتِ پنجاب کے اس فلاحی پیکج کے کماحقہ ثمرات عوام کو فراہم کرنے کے لئے مؤثر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، صوبائی وزیر کی مفت آٹا کے میگا ٹرکنگ پوائنٹ کے معائنہ کے دوران گفتگو

جمعہ 24 مارچ 2023 19:08

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2023ء) پنجاب کے وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے سپیشل رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا سکیم کا اجراء کر کے صوبہ میں کم آمدنی والے خاندانوں کو بہت بڑا ریلیف دیا ہے اور حکومتِ پنجاب کے اس فلاحی پیکج کے کماحقہ ثمرات عوام کو فراہم کرنے کے لئے مؤثر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار دورہ چکوال کے موقع پر شہر میں مفت آٹا کے میگا ٹرکنگ پوائنٹ کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے میگا ٹرکنگ پوائنٹ پر مفت آٹا کے سٹاک ، سٹالز پر آٹا کی تقسیم کے انتظامات اور مفت آٹا کے حصول کے لئے آنے والے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی سمیت تمام تر متعلقہ امور کا تفصیل سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قرا? العین ملک اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کو ضلع میں سپیشل رمضان پیکج پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہر تحصیل میں قائم مفت آٹا پوائنٹس کی روزانہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ مفت آٹا حاصل کرنے کے اہل کسی بھی فرد کو آٹا کے حصول میں دقت پیش نہ آئے۔

وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کے فراخدلانہ سپیشل رمضان پیکج کی بدولت عوام کو بہت بڑا ریلیف ملا ہے جو حکومتِ پنجاب کی طرف سے عوام کی ہر ممکن فلاح و بہبود کا عملی ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سپیشل رمضان پیکج پر عملدرآمد کی متواتر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی جس کا مقصد حکومت پنجاب کے وضع کردہ طریق کار کے مطابق تمام اہل افراد تک مفت آٹا کی سہولت پہنچانے کو یقینی بنانا ہے ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں