انتخابات، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چمن کا باب دوستی 3 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

ضلع قلعہ عبداللہ ،چمن میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کر دی ہے،کارنرمیٹنگز کی سیکیورٹی کیلئے ایف سی کی خدمات لی جائینگی،ڈپٹی کمشنر چمن

منگل 17 جولائی 2018 13:22

انتخابات، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چمن کا باب دوستی 3 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ
چمن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) انتخابات کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چمن بارڈر پر باب دوستی کو 24 سے 26 جولائی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر چمن طفیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ ضلع قلعہ عبداللہ اور چمن میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور انتخابات کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں پاک افغان سرحد باب دوستی 3 دن 24، 25 اور 26 جولائی کو ہرقسم کی آمدورفت ا ور تجارتی سرگرمیوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع چمن میں دفعہ 144 نافذ کرکے امیدواروں کی اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ جلسے اور کارنر میٹنگ کھلے میدان یا بازاروں میں کرنے پر پابندی عائد کرکے چاردیواری کے اندر کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہو ں نے کہا کہ امیدواروں کے جلسے اور کارنرمیٹنگز کی سیکیورٹی کیلئے ایف سی کی خدمات لی جائینگی، امیدواروں کو جلسہ، جلوس اور کارنر میٹنگز کے لیے 24 گھنٹے قبل اجازت لینا پڑے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ مجلس عمل، پشتونخوا میپ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے چار امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں