چمن مال روڈ پر دھماکہ ، دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی ۔ میڈیا رپورٹس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 جولائی 2018 13:25

چمن مال روڈ پر دھماکہ ، دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی ۔ میڈیا رپورٹس
چمن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2018ء) : چمن کی معروف شاہراہ مال روڈ پر زوردار دھماکہ ہوا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چمن کی شاہراہ مال روڈ پر زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کمے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔

دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو طبی امداد دینے اور انہیں اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکہ سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا، دھماکہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا اور دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی اور جائے وقوعہ کے آس پاس موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد آس پاس موجود دکانوں کو آگ میں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پٹرولنگ کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے کی جگہ سے دھوئیں کے کالے بادل اُٹھ رہے ہیں۔ دھماکے کے وقت قریبی مساجد میں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے اور دھماکے کی جگہ کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔سکیورٹی اداروں نے چمن کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی ہے جبکہ جائے وقوعہ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں