چمن، عوامی نیشنل پارٹی نے جمہوری استحکام کے لئے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو لازم قراردیا

عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونے دیں گے، ان کے اعتماد کو کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ،25جولائی کا سورج انتخابی نشان لالٹین کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا،پارٹی رہنمائوں کا خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 23:58

چمن/ گلستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے جمہوری استحکام کے لئے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو لازم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی مسائل سے دوچار عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو کبھی بھی یہ زیب نہیںد یتا کہ وہ اپنے عوام کو بھول کر ذاتی اغراض ومقاصد کی تکمیل میں لگ جائیں ، ہم عوام کے پاس صرف ووٹ مانگنے کے لئے نہیں جاتے بلکہ اپنے عوام سے ہمارا تعلق سال بارہ مہینے یکساں رہتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ جمہور کی حکمرانی ہو اور اس کے لئے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایماندار و دیانتدار اور علاقے کے مسائل سے باخبر امیدواروں کو منتخب کریں ، دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعوے نہیں کرتے مگر یہ یقین دلاتے ہیںکہ عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونے دیں گے اور ان کے اعتماد کو کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ،25جولائی کا سورج انتخابی نشان لالٹین کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار اے این پی کے صوبائی صدر این ای263و پی بی23چمن سے پارٹی کے نامزد امیدوار اصغرخان اچکزئی ،پی بی 22گلستان سے نامزد امیدوارڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ،رکن مرکزی کمیٹی صاحب جان کاکڑ ، صوبائی ترجمان مابت کاکا و دیگر مقررین نے حلقہ دامان عشیزئی میں منعقدہ ورکرز کانفرنس ، بڈو کاریز میں منعقدہ شمولیتی اجتماع ، چیئر مین محبوب خان کی رہائش گاہ پر انتخابی تقریب ، لاجو ر حبیب زئی میں شمولیتی اجتماع ، سپینہ تیژہ میں اولسی جرگے ، نورک سلیمانخیل میں حیات خان ، مستری نصراللہ اور باقی بادیزئی کی حمایتی و شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ان اجتماعات سے ضلعی صدر اسدخان اچکزئی ، خان محمدکاکڑ ، گل باران افغان،حبیب اتل ، سردار وہاب خان ، حاجی ولی محمد ، گل اچکزئی ، صادق صدا،داد شاہ پژواک، ولی خان کلیوال و دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔ پارٹی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پشتونوں کو مزید ان کے جائز آئینی انسانی اور قانونی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا پشتون عوام باشعور ہوچکے ہیں وہ سیاسی بہروپیوں کی بات میں نہیں آئیں گے بلکہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے اپنی حقیقی قومی جماعت کے پلیٹ فارم سے ایسے امیدواروں کا انتخاب عمل میں لائیں گے جن کے قول و فعل میں کسی قسم کا تضاد نہیں ۔

جذباتی تقاریر ، لفاظی دعوئوں کا دور گزر گیا ہے اب عوام کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے وقت اور حالات نے ان پر یہ حقیقت ثابت کردی ہے کہ پشتونوں کی حقیقی قومی جماعت عوامی نیشنل پارٹی ہی ہے جس کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ پشتونوں کے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد ہوئی اکابرین نے جدوجہد کی پاداش میں ہرطرح کی مصیبتوں کا سامنا کرتے ہوئے قیدو بند برداشت کیااور جلاو طنی تک گزاری مگر ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی بلند وبانگ دعوے نہیں کرتی بلکہ اپنے عمل سے یہ ثابت کرتی رہی ہے کہ پشتونوں کی حقیقی نمائندگی اے این پی ہی کرتی ہے جس نے مشکل سے مشکل وقت میں بھی پشتونوں کے حقوق سے دستبرداری اختیار نہیں کی پارٹی اقتدار میں ہو یا حزب اختلاف میں پارلیمان کے اندرا ور باہر پارٹی نے پشتونوں کے حقوق کے حصول ، انہیں جدید دنیا کی تمام سہولیات کی فراہمی اور ان کے وسائل پر ان کے حق اختیار کی بات کی صرف زبانی کلامی نہیں بلکہ پارٹی کی سابقہ کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی نے قلیل مدت کی حکومت میں خیبرپشتونخوا میں جو انقلابی اور تاریخی اقدامات اٹھائے ان کا ثمر آج سب کو مل رہا ہے پارٹی نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام و مضبوطی کے لئے ہمیشہ صف اول میں رہ کر کام کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ چمن اور قلعہ عبداللہ سمیت تمام حلقوں میں اہم سیاسی و قبائلی شخصیات کا جوق در جوق اے این پی میں شامل ہونا ہمارے لئے باعث فخر ہے ہم بلندو بانگ دعوے نہیں کرتے یہ بھی نہیں بولتے کہ اقتدار میں آکر ہم دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں گے مگر اتنی یقین دہانی ضرور کراتے ہیں کہ پشتونوں کے اعتمادا ور دیئے گئے مینڈیٹ کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے نہ ہی اس کی توہین ہونے دیں گے انہوں نے کہا کہ ہم صرف ووٹوں کے لئے اپنے عوام میں نہیں جاتے بلکہ اے این پی اور عام پشتون کا تعلق شروع دن سے چلا آرہا ہے اور ہمیشہ یہ تعلق برقرار رہے گا اقتدار ملے یا نہ ملے ہمیں اس سے غرض نہیں ہمیں اپنے عوام کا اعتماد چاہئے اور یہ اعتماد ہمارے لئے ہر چیز سے بڑھ کر ہے ۔

پارٹی رہنمائوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں اور اگلے عام انتخابات میں مختلف علاقوں سے پارٹی امیدواروں کی حمایت کرنے والی تمام شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ہمیشہ ان کے حقوق کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں