لاقانونیت اور بدامنی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں ،اصغرخان اچکزئی

عوام کی جان و مال کا تحفظ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ، اسدخان اچکزئی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے ،صدر اے این پی بلوچستان

منگل 13 اکتوبر 2020 23:50

چمن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی اور آل پارٹیز چمن کے رہنمائوں نے اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسدخان اچکزئی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقے سے ایک ذمہ دارسیاسی کارکن اور قانون پسند شہری کا اغواء نہ صرف حکومت بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے بھی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ، لاقانونیت اور بدامنی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں نہ صرف اسدخان اچکزئی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے بلکہ عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام متعلقہ حکام احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، پہلے سے مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر معاشی مسائل سے دوچار عوام کے لئے بدامنی کے واقعات مزید اذیت کا باعث بن رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز اسدخان اچکزئی کی بازیابی کے لئے آل پارٹیز کے جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی دھرنے سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی ، ضلعی صدر خان محمد کاکڑ ، آل پارٹیز پرلت کمیٹی کے کنوینئر امجد خان ایڈووکیٹ ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے عبدلعلیم پہلوان ، اے این پی کے رشید خان ناصر ، جمعیت العلماء اسلام کے حافظ محمد یوسف ، اے این پی ضلع ہرنائی کے صدر ولی داد میانی ، قبائلی رہنماء خان امان اللہ خان ، جمعیت العلماء اسلام ( نظریاتی ) کے عبدالولی سالار ، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عبدالمنان درانی ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے سابق صدر انجینئر داروخان اچکزئی ، انجمن تاجران کے بہادر خان اچکزئی ، عبدالصادق ناراض نے خطاب کرتے ہوئے اسدخان اچکزئی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ ماضی میں توجہ ملنے کی وجہ سے ہمارے صوبے میں معیشت اور تجارت سمیت ہر شعبہ بری طرح سے تباہی کے دہانے پرکھڑا ہے ایک طرف جہاں صوبے کے عوام کو صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے وہاں دوسری جانب صوبے میں معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں شدید مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر مسائل نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے جبکہ اب بدامنی اور لاقانونیت کے جو واقعات رونما ہورہے ہیں ان کی وجہ سے رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی ہے اور لوگ مختلف سوالات اٹھارہے ہیں انہوںنے کہا کہ اسدخان اچکزئی ایک قانون پسند شہری ہی نہیں بلکہ ایک ذمہ دارشخصیت کے مالک ہیں ان کا صوبائی دارالحکومت کے پوش اور رش والے علاقے سے اغواء ہونا اور کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان کی بازیابی کے لئے کوئی پیشرفت نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے اسدخان اچکزئی کا اغواء حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے بھی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے مغوی کی عدم بازیابی کے خلاف آل پارٹیز اور تاجر تنظیمیں اور عوام سراپا احتجاج ہیں اس سلسلے میں پہلے کوئٹہ چمن شاہراہ پر احتجاج کیا جارہا تھاتاہم عوامی مشکلات کے پیش نظر کمیٹی نے شاہراہ کو عام ٹریفک کے لئے کھول کر اب یہاں چمن شہر میں دھرنا دیا ہوا ہے مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دنوں سے یہ دھرنا جاری ہے لیکن تاحال مغوی کی بازیابی کے لئے کوئی پیشرفت نہیں ہورہی جس کے باعث ہم اپنے احتجاج کو وسعت دینے کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں انہوںنے اسدخان اچکزئی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف اسدخان اچکزئی فوری اور بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے بلکہ تمام متعلقہ ادارے او رحکام اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنا فعال کردار اد اکریں۔

کئی روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں آل پارٹیز کے رہنمائوں و کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں