تنگی کچہری دھماکہ، حملہ آوروں کے 3 مشتبہ سہولت کار گرفتار

تحصیل کچہری کے حملہ آوروں کے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے گئے ، دھماکے کے خلاف وکلا کاسوگ ، باعث عدالتی امورٹھپ بازار، سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے بند، تنگی کچہری کے مرکزی دروازے پرواک تھرو گیٹ نصب کردیا گیا، پولیس کی بھاری نفری تعینات

بدھ 22 فروری 2017 12:13

چار سدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) چارسدہ پولیس نے گزشتہ روز تنگی تحصیل کچہری پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے 3 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ۔ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد کے مطابق پولیس نے گزشتہ روزتنگی تحصیل کچہری پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کے 3 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے، یہ گرفتاریاں تنگی سے ملحقہ علاقوں میں کی گئیں، مشتبہ سہولت کاروں کے عملی کردارکی تفتیش کی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے اور واقعے کی جگہ کو مکمل طور پر صاف کردیا گیا ۔ تحصیل کچہری کے حملہ آوروں کے فنگرپرنٹس حاصل کرلیے گئے ہیں اورحملہ آوروں کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھی بھجوا دیئے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چارسدہ کی تنگی تحصیل کچہری پردھماکے کے خلاف وکلا نے 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا جس کے باعث عدالتی امورٹھپ ہوگئے۔

اس کے علاوہ علاقے کے تمام بازار، سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے۔ تنگی کچہری کے مرکزی دروازے پرواک تھرو گیٹ نصب کردیا گیا ، کچہری کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ، اس کے علاوہ عدالت کے تباہ شدہ گیٹ کی جگہ نیا گیٹ نصب کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزتنگی کی تحصیل کچہری پردہشت گردوں کے حملے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 16 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں