محض 10 ہزار روپے کے تنازع نے 3 بھائیوں کی جان لے لی

چارسدہ میں 2 فریقین کے 10 ہزار روپے کے جھگڑے نے شدت اختیار کرلی ، ایک فریق کی فائرنگ سے 3بھائی جاں بحق جب کہ چوتھا زخمی ہوگیا ، پولیس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 اکتوبر 2020 17:07

محض 10 ہزار روپے کے تنازع نے 3 بھائیوں کی جان لے لی
چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر2020ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ میں صرف 10 ہزار روپے کے تنازع پر 3 بھائیوں کو قتل کردیا گیا ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں تھانہ سٹی کے علاقے گڑھی حمید گل میں 2 فریقین کے درمیان 10 ہزار روپے کا جھگڑا چل رہا تھا ، جس نے حالیہ دنوں میں شدت اختیار کرلی ، اور معاملہ زبانی مطالبات سے بڑھتا ہوا فائرنگ تک پہنچ گیا ، جس کے نتیجے میں 3 بھائی جاں بحق جب کہ چوتھا زخمی ہو گیا جسے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

چارسدہ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ 10 ہزار روپے سے شروع ہونے والے تنازع پر ایک فریق کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 3 بھائی جاں بحق ہوگئے ، ان کے چوتھے بھائی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور وہ بھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ، جس کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ، لیکن کارروائی جاری ہے اور جلد ہی ملزموں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔

دوسری طرف ایک اور واقعے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2بھائی جاں بحق ہوگئے ، تھانہ کڑی خیسور کی حدود گورنمنٹ ہائی سکول عمر خیل پکہ کے قریب اکرام اور وسیم پسران اللہ نواز قوم حاجی خیل سکنائے سرداری والا عمر خیل کچہ کڑی خیسور کو دو مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا جب وہ گھر کیلئے سودا سلف لیکرجائے وقوعہ سے گزر رہے تھے ، فائرنگ کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع جاں بحق ہوگئے ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستورات کے تنازعہ پر قتل مقابلے کی دشمنی کا شاخسانہ بتایا گیا ، مقامی ذرائع کے مطابق مقتول کے خاندان کے دوافراد سلیم اور ندیم قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم تھے اور دونوں ضمانت پر رہا تھے ، واقعہ کے بعددونوں مقتول بھائیوں کی نعشوں کوپوسٹ مارٹم کیلئے پہاڑ پور ہسپتال منتقل کردیا گیا اور پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں