چارسدہ، بین الاضلاع کار سنیچنگ گینگ کی چار خواتین سمیت8ملزمان گرفتار

ملزمان ٹیکسی ڈرائیوروں کو لڑکیوں کے ذریعے ورغلا کر اغوائیگی کے بعد قتل کرتے، قبضہ سے دو گاڑیاں ،واردات میں استعمال شدہ پستو ل برآمد

پیر 23 ستمبر 2019 20:02

چارسدہ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) بین الاضلاع کار سنیچنگ گینگ کی چار خواتین سمیت8ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،ملزمان ٹیکسی ڈرائیوروں کو لڑکیوں کے ذریعے ورغلا کر اغوائیگی کے بعد قتل کرتے، ملزمان کے قبضہ سے دو گاڑیاں جبکہ واردات میں استعمال شدہ پستو ل برآمد کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ سے سٹی کی حدود میں دو مختلف واقعات رونما ہوئے جن میں ٹیکسی ڈرائیوروں کو راولپنڈ ی اسلام آباد سے بک کرکے چارسدہ لایا جاتا اور گاڑی چھین کر ڈرائیوروں کو موت کے گھاٹ اتاردیا جاتا ۔

واقعات میں ایک ڈرائیور عمر خان ولد خانزادہ ساکن دیرتھا جس کی نعش پولیس کو سٹی کی حدود قلفی کورونہ میں ملی تھی جبکہ دوسرا ڈرائیور راحت اللہ ولد مسرت گل ساکن لعل قلعہ سوات تھا۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ڈاکٹر محمد نعیم خان نے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر مردان محمد علی خان کو واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے۔

ڈی آئی جی مردان کی ہدایت پر چارسدہ پولیس نے ٹیکنیکل ٹیم کے ذریعے مختلف اہداف کو شارٹ لیز کرتے ہوئے سرولنس شروع کی اور آپریشن ٹیم کے ذریعے پکڑ دھکڑ شروع کی اور قلیل مدت میں واقعات کو ٹریس کرکے دونوں واردات میں چھینی گاڑیوں کو برآمد کرکی8 ملزمان کو گرفتار کیا ، گرفتا ر ملزمان میں 4خواتین بھی شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ عرفان اللہ خان نے گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان اپنے خاندان کے نوجوان لڑ کیوں کے ذریعے ٹیکسی ڈرائیوروں کو ورغلا کر راستے میں اغواء کرکے اسلحہ کی نوک پر اپنے ساتھیوں کی مدد سے قتل کرتے تھے۔

ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ پہلے واردات میں امجد علی اور اس کی بیوی شاہ بیگم ، مرکزی ملزم صدیق اللہ ، کامران اور مستری اعجاز کو گرفتار کیا گیا۔جبکہ دوسری واردات میں ملوث عائشہ زوجہ عمر فاروق، مسماة مکینہ دختر سمیع اللہ اور شیبہ دختر بختیار گل ساکن سردریاب کو بھی گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے دونوں واردات کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ واردات میں چھینی گئی دو گاڑیاں اور پستول بھی برآمد کر لی گئی ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں