افغانستان میں مستقل امن کیلئے ہر فریق کو پرخلوص کردار ادا کرنا ہوگا،اسفندیارولی خان

افغانستان میں دہائیوں سے جاری کشیدگی ختم کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کردار ادا کرے،سبکدوش افغان سفیر عاطف مشعل سے ولی باغ چارسدہ میں گفتگو

ہفتہ 8 اگست 2020 17:31

افغانستان میں مستقل امن کیلئے ہر فریق کو پرخلوص کردار ادا کرنا ہوگا،اسفندیارولی خان
چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں مستقل امن کیلئے ہر فریق کو پرخلوص کردار ادا کرنا ہوگا۔ ولی باغ چارسدہ میں سبکدوش ہونیوالے افغان سفیر عاطف مشعل نے وفد کے ہمراہ اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی، مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین اور صوبائی صدر ایمل ولی خان بھی موجود تھے۔

اسفندیارولی خان نے سبکدوش افغان سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ افغانستان میں دہائیوں سے جاری کشیدگی ختم کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کوکردار ادا کرنا ہوگا۔لویہ جرگہ کی کامیابی افغان امن عمل کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات خطے کی ترقی اور پائیدار امن کیلئے ضروری ہے۔

اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکہ افغان امن معاہدے کے بعد بین الافغانی مذاکرات میں رکاوٹیں ختم کرنی ہوں گی۔افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام نے کرنا ہے اور انکی منتخب قیادت ہی انکے نمائندے ہیں۔تمام سٹیک ہولڈرز طالبان اور افغان قیادت کے درمیان مذاکرات کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔چالیس سالہ جنگ کے خاتمے کیلئے تمام فریقین کو ایک میز پر لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین ،روس اور امریکا ضامن جبکہ پاکستان پہلے سے جو سہولت کار کا کردار ادا کررہا ہے وہ مزید تیز اور مضبو کرے تو اس پورے خطے میں امن کا قیام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں