ڈی ایچ کیو چارسدہ صوبے کے دوسرے ہسپتالوں کے لئے ایک مثال اور مشعل راہ ہے،ترجمان

جمعہ 24 فروری 2017 19:27

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) ایم ایس ضلعی ہسپتال چارسدہ کی ذاتی دلچسپی اور انتھک محنت کی بدولت ڈی ایچ کیو چارسدہ صوبے کے دوسرے ہسپتالوں کے لئے ایک مثال اور مشعل راہ ہے۔ 50بستروں پر مشتمل شعبہ ء حادثات اتفاقیہ کو مارچ کے پہلے ہفتے میں الگ عمارت منتقل کر دیا جائے گا۔ہسپتال ترجمان کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ میں امراض قلب کے لئے خصوصی شعبے کے قیام کے ساتھ ساتھ عوام کی سہولت کے لئے کئی ایک انقلابی اقداما ت شروع کر دیے گئے ہیں۔

5ایکسرے مشینوں کو مکمل فعال کر دیا گیاہے اور ناکارہ بیڈز، ویل چیئرز اور سٹریچرز کی مرمت کا کام زورو شور سے جاری ہے۔پورے ہسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے اور الارم سسٹم لگا دیا گیا ہے تاکہ ہسپتال کی سیکیوریٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں موجود تمام ڈینٹل یونٹس کو فعال بنا دیا گیا ہے اور ڈینٹل ایکسرے تک کی سہولیات عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں۔

گائنی ، آرتھوپیڈک اور سرجیکل کے مریضوں کو ہفتے میں 6دن او پی ڈی اور او ٹی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ 2009میں تعمیر شدہ5 آپریشن تھیٹرز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔فضلے کو ٹھکانے لگانے کے لئے انسنیریٹرایک ہفتے میں کام شروع کر دے گا۔ کار پارکنگ کا ٹھیکہ منسوخ کر کے گرین بیلٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں