ساہیوال کے ایک اور سپوت کا عالمی اعزاز

جاپانی حکومت نے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد امین کو ’’آرڈر آف دی رائزنگ سن ‘‘ ایوارڈ سے نوازا جاپان اور پاکستا ن کے عوام کو ادب و زبان کے ذریعے جوڑنے میں گراں قدر خدمات پر ایوارڈ دیا گیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 16:06

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سا ہیوال کے ایک اور سپوت کا عالمی اعزاز،جاپانی حکومت نے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد امین کو جاپان پاکستان تعلقات میں بہتر ی لانے اور دونوں ملکوں کے عوام کو ادب اور زبان کے ذریعے جوڑنے میں گراں قدر خدمات پر ’’آرڈر آف دی رائزنگ سن ‘‘ ایوارڈ سے نوازا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈ سول اور ملٹری شعبوں میں جاپان کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر دیا جاتا ہے جسے جاپان کے بادشاہ’’ میجی‘‘ نے 1875میں شروع کیا تھا-ڈاکٹر محمد امین کو یہ اعزاز جاپانی اردو ڈکشنری کو ترتیب دینے پر دیا گیا جس کے لئے خصوصی تقریب جاپانی سفارتخانے میں منعقد ہوئی جس میں جاپان کے سفیر تکاشی کورائی نے جاپان حکومت کی طرف سے یہ ایوارڈ دیا-ڈاکٹر محمد امین 35کتابوں کے منصف ہیں جن میں سے کئی کتابیں جاپانی زبان ،ادب اور کلچر کے حوالے سے ہیں-ساہیوال کے علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد امین کی صاحبزادی ڈاکٹر شہیرہ امین یونیورسٹی آف ساہیوال کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی سربراہ بھی ہیں-ڈاکٹر محمد امین بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فلاسفی کے سربراہ بھی رہے اور انہوں نے جاپانی اردو ڈکشنری مرتب کرنے کے علاوہ جاپان میں شاعری کی معروف صنف ہائیکو کو پاکستان میں متعارف کرایا اور مشہور جاپانی افسانوں کا اردو ترجمہ بھی کیا-شہر کے تعلیمی وسماجی حلقوں نے ڈاکٹر محمد امین کی ادب کے لئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں خصوصی تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو جاپانی ادب و ثقافت سے بھی روشناس کرایا جا سکے۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں