چیچہ وطنی میںعام انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

چیچہ وطنی ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) 25جولائی کے عام انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے، ضلع بھر کے 1292پولنگ سٹیشنز کے لئے کل11226افسران و ملازمان جس میں پولیس کے 2400افسران وجوان،پاکستان آرمی کے چاک و چابند دستوں اور4176والینٹیئرز جن میں919سپیشل فورس کی خواتین بھی بائی نیم ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ایلیٹ فورس کی12 ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو مسلسل گشت کرتے ہوئے امن و امان کو یقینی بنائیں گی۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی ریزرو ہائے تمام افسران کے ہمراہ ہوںگی جو کسی بھی سنگین صورت حال سے موثر طورپر نمٹنے کے جدید اینٹی رائٹ سے مسلح ہوںگی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرساہیوال غلام مبشر میکن نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے والے تمام افسران و ملازمان کو الیکشن کی تیاری کے حوالہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں Aکیٹیگری کی100 ، Bکیٹیگری کی436اور Cکیٹیگری کے 756پولنگ سٹیشنز ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسا س پولنگ سٹیشنز پر CCTVکیمرے نصب کئے جاچکے ہیں۔ ضلعی سطح پر ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو 24گھنٹے کھلا رہے گاجہاںجنرل الیکشن کی تما م کارروائی کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔انہوںنے مزید کہا کہ پولیس افسران و ملازمین میں الیکشن کے قواعد ضوابط کی آگاہی کے لئے کتابچہ جاری کیا گیا ہے جس میں ڈیوٹی کے حوالے سے تما م ہدایات اور ایمرجنسی نمبرز جاری کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری اطلاع دی جاسکے۔

اس کے علاوہ ووٹرز حضرات کی رہنمائی کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی روشنی میںہدایات نامہ ہر پولنگ سٹیشن کے باہر چسپاں کیا جائے گا ۔تمام مرد و خواتین ووٹرز کو بعدا ز چیکنگ پولنگ سٹیشن کے اندر جانے کی اجازت ہو گی۔ خواتین کی چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس تعینات کی گئی ہے ۔پولنگ سٹیشن کے اندر اصل شناختی کارڈکے علاوہ ہر قسم کے موبائل فونز،کیمرا،دھماکہ خیز مواد ،کسی بھی پارٹی کا بیج ،شناختی علامت لیجانے کی ہر گز اجازت نہ ہوگی۔

تمام سرکل آفیسرز ،ایس ایچ ازو اور سیکٹر انچارجز الیکشن میٹریل کو پولنگ سٹیشنز تک بحفاظت پہنچانے سے لیکر انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد سامان اور عملہ کی ریٹرننگ آفیسرز کے پاس محفوظ واپسی کی تمام ذمہ داری پولیس کی ہوگی جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال نے مزیدکہا کہ الیکشن کا عمل بلاتعطل جاری رکھنے کے لئے شر پسند عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک افراد کی سرگرمیوں پرکڑی نظر رکھیں، پولیس کے ساتھ تعاون کریں اورکسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا لاوارث سامان کی فوری اطلاع پولیس کو دیںتاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوسکے اور پر امن و شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں