معروف آرٹسٹ عبدالمتین کے تیار کردہ قرآنی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش

اتوار 21 اپریل 2019 13:15

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام معروف آرٹسٹ عبدالمتین کے تیار کردہ قرآنی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش منعقد ہوئی۔یہ فن پارے اسٹرنگ آرٹ یعنی دھاگے کو مختلف رنگ دے کر تیار کئے جاتے ہیں۔عبدالمتین پاکستان میں اس فن کے بانی ہیں جو نہایت مہارت سے خوبصورت رنگوں کا استعمال کرتا ہے۔

ڈاکٹر زاہد اکرام ایڈیشنل کمشنر (کو آرڈینیشن) نے اس نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ عبدالمتین جیسے لوگ ہمارا قومی ورثہ ہیںجو مسلم ثقافت کی ترویج اوربقاء کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔فن خطاطی مسلم روایت اور ثقافت کی پہچان ہے جو ہمیں عظمت رفتہ کا احساس دلاتا ہے۔بنیادی طور پر اس فن کے ساتھ ہماری عقیدت اور محبت جڑی ہوئی ہے جو ہمیں اپنے دین کے قریب رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے بتایا کہ عبدالمتین نے نوے کی دہائی میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں اپنے فن کا اظہار کیا ۔بعدازاں زندگی کے مسائل نے اسے فن خطاطی سے دور کردیا۔ساہیوال آرٹس کونسل کی تحریک اور حوصلہ افزائی سے عبدالمتین دوبارہ اس فن کے ساتھ باقاعدہ طور پر جڑ گیاہے اور یہی آرٹس کونسل کی کامیابی ہے کہ وہ اپنے فنکاروں اور دستکاروں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق نکھارتی ہے۔

ایک سطح پر خطاطی کی یہ نمائش استقبالِ رمضان کے سلسلے کی ایک کڑی بھی ہے۔اس نمائش کو صدرچیمبر آف کامرس راشد حمید ،ڈائریکٹرتعلقات عامہ میاں عقیل اشفاق کے علاوہ شہر کی نامور سماجی شخصیات نے دیکھ کر آرٹس کونسل کی اس کاوش کو سراہا ۔عبدالمتین اہلیانِ ساہیوال کی محبتوں اور حوصلہ افزائی پر بے حد خوش تھے۔خطاطی کی یہ نمائش لاہور جیسے بڑے شہروں میں پیش کی جائے گی۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں