چیچہ وطنی، پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 2لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے

اتوار 18 اگست 2019 15:55

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 2لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے جس میں 50ہزار پودے ضلع ساہیوال ،60ہزار ضلع پاکپتن اور 90ہزار ضلع اوکاڑہ میں لگائے گئے۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن ،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انیس الرحمن ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر ،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شفقت اللہ مشتاق ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق ،ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے پودے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ندیم الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان گرین پاکستان مہم کے ذریعے پاکستان کو سر سبز ،خوشحال اور آلودگی سے پاک ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں عوام صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ پودوں کو لگانے کا ہدف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کا بھی بندوبست کریں ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے بتایا کہ محکمہ جنگلات نے اس خصوصی مہم کے تحت صوبائی محکموں لوکل گورنمنٹ ،صحت اور تعلیم کو ارزاں نرخوں پر پودے فراہم کئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں پودے وافر مقدار میں دستیاب ہیں جہاں سے غیر سرکاری ادارے بھی ارزاں نرخوں پر حاصل کر سکتے ہیں ۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں