ٹڈی دل زراعت کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے جس کا خاتمہ مشترکہ کاوشوں کے بغیر ممکن نہیں،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

جمعرات 4 جون 2020 16:55

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ ٹڈی دل زراعت کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے جس کا خاتمہ مشترکہ کاوشوں کے بغیر ممکن نہیں،زمیندار بھائی آگے آئیں اور زرعی معیشت کے لئے اس بڑے خطرے کا مقابلہ کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں زمیندار حضرات ٹڈی دل کی موجودگی سے فوری مطلع کریں،افرادی قوت فراہم کریں اور ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کارروائیوں میں حصہ لیں،انہو ں نے یہ بات چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 37/12Lمیں میاں محمد ابراہیم کے ڈیرے پر موک ایکسر سائز کے موقع پر کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر اے ڈی سی فنانس فاروق صادق،اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن اورمقامی زمیندار بھی موجود تھے موک ایکسر سائز میں محکمہ زراعت کے عملے،مقامی کسانوں اور پاک فوج کے جوانوں نے حصہ لیا اور ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے مربوط کارروائیوں کی پریکٹس کی ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ساہیوال اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور محکمہ زراعت کو تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کا اہم حصہ ہے اور ملک کی 80فیصد آبادی کا انحصار شعبہ زراعت کی آمدنی سے ہے جسے کسی صورت تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کا خطرہ بہت بڑا ہے جسے باہمی تعاون اور مشترکہ وسائل کے استعمال کے بغیر دور نہیں کیا جا سکتا۔ انہو ں نے حالیہ مہینوں میں ٹڈی دل کے خاتمے میں کامیابیوں کا کریڈٹ انہیں مشترکہ کارروائیوں کو قرار دیا اور کہا کہ مقامی کسانوں کے تعاون سے ہی ضلعی انتظامیہ نے فصلوں کو بڑے نقصان سے بچایا انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ٹڈی دل کے خطرے کے فوری خاتمے میں اپنا بھر پور کردار اداکرے گی اور فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،تقریب میں مقامی زمیندار نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں