ضمنی انتخابات میں یہ امپائر کو بھی ملا لیں جیت نہیں سکتے ،عمران خان

میں نے کرکٹ کے دور میں بھارت میں ان کے امپائروں کی موجودگی میں شکست دی،وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو جتوانے کے لیے لاہور میں بیٹھے آدمی کو چیلنج ہے، ضمنی الیکشنز میں تمہیں ہرا کر دکھائیں گے، جو مرضی کرلیں 17 جولائی کو ہم 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے، سابق وز یر اعظم

بدھ 6 جولائی 2022 22:05

ضمنی انتخابات میں یہ امپائر کو بھی ملا لیں جیت نہیں سکتے ،عمران خان
چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں یہ امپائر کو بھی ملا لیں جیت نہیں سکتے ،میں نے کرکٹ کے دور میں بھارت میں ان کے امپائروں کی موجودگی میں شکست دی،وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو جتوانے کے لیے لاہور میں بیٹھے آدمی کو چیلنج ہے، ضمنی الیکشنز میں تمہیں ہرا کر دکھائیں گے، جو مرضی کرلیں 17 جولائی کو ہم 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے۔

پی پی 202 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ بارش کے باوجود جلسے میں آنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس مقام پرتیرنے کیلئے تو آسکتا ہے جلسہ نہیں ہو سکتا، یہ ملک دوقومی نظریے پر بنا تھا، یہ لوگ پیسے کے بت کی پوجا کرنے والے ہیں، پیسے کی پوجا کرنے والے آصف زرداری اور نواز شریف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو پتہ ہے کہ ڈیزل کی قیمت بڑھی ہے، گیس مہنگی اور بجلی مہنگی ہوگئی ہے، ہماری معیشت کو دو ماہ میں انہوں نے اوپر سے نیچے گرائی، پچھلے 2سال میں پاکستانی معیشت نے سب سے زیادہ ترقی کی، ہمارے دور میں ریکارڈ ڈالر ملک میں آئے، کسان کا سب سے زیادہ فائدہ ہوا، ہم نے کسانوں کی پوری مدد کی ، انہوں نے کسانوں کا معاشی قتل کر دیا، پہلے بجلی غائب، اگر وہ جنریٹر چلائے تو ڈیزل کی قیمت آسمان پر ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازش کے تحت چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، قوم لوٹوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے، امپورٹڈ حکومت کے لوٹے بھی نامنظور ہیں، الیکشن کمیشن بے ضمیر ہے، انہیں جتوانے کی کوشش کر رہی ہے۔ امپائر بھی ان کے ساتھ مل جائیں تب بھی یہ نہیں جیت سکتے، میں نے کرکٹ کے دور میں بھارت میں ان کے امپائروں کی موجودگی میں شکست دی، جنتی بھی دھاندلی کی جائے یہ نہیں جیت سکتے۔

انہوںنے کہاکہ شریف خاندان نے آج تک ایک کام بھی ایمانداری سے نہیں کیا، ووٹر لسٹوں میں انہوں نے بہت دھاندلی کی ہے، لاہور میں جو آدمی بیٹھا ہے جس کی نوکری ہے حمزہ کو جتانے کیلئے میرا چیلنج ہے اس کے باوجود تمہیں ہرا کر دکھائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہ جو مرضی کرلیں 17 جولائی کو ہم 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے۔انہوںنے کہاکہ یہ دھاندلی کریں گے انہیں دھاندلی نہیں کرنے دینی، ووٹنگ کے روز ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 نوجوان رکھیں گے، حمزہ شہباز تم جو مرضی کر لو ہم الیکشن جیت کر دکھائیں گے، نہ قوم ان کو معاف کرے گی نہ ملک کی تاریخ معاف کرے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر خوش ہو رہا ہے، یہ چاہے مجھ پر 1500 مقدمات کروا دیں ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، مریم نواز جھوٹوں کی شہزادی ہے جن سے سچ ہی نہیں بولا جاتا۔ انہوںنے کہاکہ حلیم عادل شیخ کو جیل میں ڈال دیا ہے، مراد علی شاہ جیسا کرپٹ آدمی وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں