چیچہ وطنی،کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کاانعقاد

جمعہ 15 اکتوبر 2021 15:09

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہواجس میں کورونا ویکسی نیشن مہم اور ڈینگی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ڈویژن کے تینوں اضلاع ساہیوال،اوکاڑہ اور پاکپتن کے ڈپٹی کمشنرز واجد علی شاہ، کیپٹن(ر) علی اعجاز اور احمد سہیل کیفی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ساہیوال شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈاکٹر صادق سلیم کمبوہ اور تینوں اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ نے بھی شرکت کی۔

کمشنر نے کورونا ویکسینیشن مہم میں سست روی پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ کورونا سے بچا ؤکی واحد صورت ویکسی نیشن ہے اس لئے مہم کو تیز کیا جائے اور گھر گھر جا کر ویکسین لگانے والی ٹیموں کو مزید فعال کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 12سال سے زائد عمر کے تمام نوجوانوں کو بھی ویکسین لگانے کی اجازت دے دی ہے اس لئے خصوصی ٹیمیں تمام سکولوں اور کالجز میں جا کر ویکسین لگائیں۔

انہوں نے ویکسین سے متعلق بے بنیاد افواہوں اور خدشات کو دور کرنے کے لئے آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم کمبوہ نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں اب تک 22لاکھ43ہزار 6سو سے زائد افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز اور 8لاکھ78ہزار3سو سے زائد افراد کو دوسری ڈوز بھی لگائی جا چکی ہے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے دوسری ڈوز لگانے کی کم تعداد پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تینوں ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ موبائل ٹیموں کو مزید فعال بنائیں اور حکومت کی طرف سے اس ماہ کے آخر تک 70فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ پور ا کرنے کو یقینی بنائیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں