ساہیوال ، 71واں یوم آزادی رویتی جوش و خروش سے منایا گیا ، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ظفر علی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی

منگل 14 اگست 2018 15:20

چیچہ وطنی۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک کے دوسرے شہروں کی طرح ساہیوال میں بھی 71واں یوم آزادی رویتی جوش و خروش سے منایا گیا اور پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ظفر علی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود ،آر پی او شارق طارق کمال ،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ڈی پی او غلام مبشر میکن ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی کے علاوہ سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان ،صحافیوں ،وکلاء ،تاجروں ،طلبا و طالبات اور عام شہریوں کی کثیر تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی -تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لئے خصوصی دعا کی گئی -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کی آزادی، سا لمیت اور استحکام کو تازہ کرتا ہے ،اس دن ہم عہد کرتے ہیں کہ وطن کی خاطر اپنا تن من دھن سب قربان کر دیں گے او راس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے صدق دل سے کوششیں کریں گے -انہوں نے طلبا وطالبات پر زورد یا کہ وہ ملک کو قائد کے وژن کے مطابق بنانے میں سخت محنت کریں او رپاکستان کی خدمت کو اپنا اولین مقصد بنائیں -اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر پی او شارق طارق کمال نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیو ںسے وجود میں آیا ہے جس کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ،ہمیں چاہیے کہ ہم نوجوان نسل کو بہتر تعلیم دیں تا کہ یہ ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کی ذمہ داریاں اٹھا سکیں -تقریب میں مختلف محکموں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ مقامی سکولوں کے طلبا و طالبات نے خوبصورت ٹیبلو،خاکے اور ملی نغمے پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا -تقریب کی خاص بات ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے ڈھول پرفارمنس تھی جس میں کئی ڈھولیوں نے ایک ساتھ فن کا مظاہرہ کیا -

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں