خصوصی افراد پر توجہ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شاہد صادق

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:29

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) ساہیوال آرٹس کونسل اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن ساہیوال کے اشتراک سے خصوصی بچوں کے عالمی دن کے تناظر میں آرٹس کونسل ہال میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی اینڈ ایف شاہد صادق ،سی ای او ایجوکیشن ذوالفقار علی تھے ۔ میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض ہمدانی اور ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن چوہدری جاوید اقبال نے اد ا کئے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی اینڈ ایف شاہد صادق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معاشرے میں ہر محروم طبقے کو سماجی طور پر ترقی دینی ہے تا کہ پورا معاشرہ باہم توازن کے ساتھ ابھر سکے۔خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا وہ حصہ ہیں جنہیں توجہ ،عزت اور خصوصی نگرانی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانا وقت کی ضرورت ہے اس حوالے سے ہمیں معاشرتی بے حسی کی بجائے سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرن ہو گا ،ہمارے رویوں میں موجود گونگا پن اور اندھا پن ہمارے نسل کو تباہ کر دے گا لہذا ہمیں ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہو گا ۔

چوہدری جاوید اقبال نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ساہیوال میں زیادہ تر ادارے کرایے کی عمارت میں ہیں اور ان کے پاس وسائل کی کمی ہے اس کے باوجود ہمارے ادارے اور اساتذہ پوری محنت اور لگن کے ساتھ بچو ں کو پڑھا رہے ہیں۔تقریب میں سپیشل بچوں ،اساتذہ اور سماجی حلقوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی -

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں