عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہی,ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو

ہفتہ 12 جنوری 2019 16:39

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی محکمے کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سول ریسٹ ہائوس میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ، تمام ضلعی محکموں کے سربراہان ،صحافیوں اور عوامی حلقوں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے دروازے عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں لیکن جن کی رسائی وہاں تک بھی نہیں ،ان کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد ضروری ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیا ء نے عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات کو بغور سنا اور موقع پر احکامات جاری کیے ۔

(جاری ہے)

لیبر کالونی کے رہائشی مزدورمحمد ابراہیم کی بھیڑ بکریاں چوری ہونے کی شکایت پر ڈی پی او نے متعلقہ تھانے کو فوری کارروائی کی ہدایت کی جبکہ 89/6-R کے رہائشیوں کی ایک نجی ہاوسنگ سکیم میں سہولیات کے فقدان کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ضلع کونسل کے افسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ۔

آفیسر کالونی فرید ٹائون کے قبرستان میں ناجائز تجاوزات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے انہیں ہٹانے کا بھی حکم دیا ۔واضح رہے کہ شکایات کے حل اور عوام اور حکومت میں رابطے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر صوبے بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو تواتر کے ساتھ جاری رہے گا ۔ہر جمعے کو کھلی کچہری منعقد کی جائے گی جہاں تمام محکموں کے افسران اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے تا کہ موقع پر شکایات کا تدراک کیا جا سکے۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں