ْطبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈاکٹروں کی کمی دور کی جا رہی ہے، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج

منگل 29 جنوری 2019 17:21

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2019ء) پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طار ق نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتا ل میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام شعبوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جا رہی ہے اور فروری میں میڈیکل آفیسرز سمیت ڈاکٹروں کی تمام ضروری آسامیاں پر کر لی جائیں گی۔ حاملہ خواتین کی سہولت کے لئے ہسپتال میں گائنی کا مزید ایک یونٹ قائم کر دیا گیا ہے اور اب ہفتے کے تمام دن گائنی کی سہولیات دستیاب رہیں گی۔

انہو ںنے یہ بات ہسپتال کی کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی مینجمنٹ کا نیا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت زیادہ سیریس مریض کو سب سے پہلے ٹریٹ کیا جاتا ہے جبکہ میڈیکل ایمرجنسی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو مزید بہتر بنایا گیاہے اور 128سلائس کی نئی سی ٹی سکین مشین ،ڈیجیٹل ایکسرے اور کلر الٹرا سائونڈ مشینوں کی فراہمی سے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوئی ہے۔

انہو ںنے بتایا کہ حاجی عبدالقیوم ہسپتال میں سکن ڈیپارٹمنٹ قائم کر دیا گیا ہے جس سے ڈرما ٹولوجی کا شعبہ بھی فعال ہو چکا ہے اسی طرح ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ میں ناک اور کان کی پیچیدہ سرجری بھی شروع کر دی گئی ہے۔ پرنسپل ڈاکٹر محمد طارق نے بتایا کہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوٹی روسٹر پر سختی سے عمل کرایا جاتا ہے اور تمام عملے کی بائیو میٹرک حاضری ہوتی ہے جس سے غیر حاضری کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور مریضوں کو ڈاکٹروں کی ہمہ وقت دستیابی ممکن ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں