سابق صوبائی وزیرمحمد ارشد خان لودھی ہڑپہ میں سپردخاک

بدھ 30 جنوری 2019 14:43

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیرمحمد ارشد خان لودھی کوضلع ساہیوال کے علاقہ ہڑپہ شہرمیں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،بلدیاتی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ کے افسران، اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔ محمد ارشد خان لودھی پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے جنہوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز بلدیاتی الیکشن سے کیا اور بھٹو دور میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرلی اور میاں نواز شریف کی پنجاب کابینہ کاحصہ بنے۔

(جاری ہے)

مشرف دور میں چودھری پرویز الٰہی کی پنجاب کیبنٹ میں شمولیت اختیار کی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک بار پھر اقتدار میں آنے پر دوبارہ مسلم لیگ(ن) جوائن کرلی۔ 80سالہ محمد ارشد خان لودھی نے اپنی علالت کے باعث2018کے عام انتخابات میں ہڑپہ کے حلقہ پی پی199سے اپنے داماد نویداسلم خان لودھی کو مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پرالیکشن لڑایا جو پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ سینئر سیاستدان کو منگل کے روز دل کا دورہ پڑا جو جان لیواثابت ہوا۔ ان کے انتقال پروزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ان کے بلند درجات کی دعا کی اور سوگوارخاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں