رہنما(ن)لیگ محمد ارشد خان لودھی ہڑپہ میں سپردخاک

نماز جنازہ میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،بلدیاتی نمائندوں،ضلعی افسران،اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت

بدھ 30 جنوری 2019 21:32

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیرمحمد ارشد خان لودھی کوضلع ساہیوال کے علاقہ ہڑپہ شہرمیں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا ،مرحوم کی نماز جنازہ میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،بلدیاتی نمائندوں،ضلعی انتظامیہ کے افسران،اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیرتعداد نے شرکت کی، پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہیں، مرحوم پیشہ کے لحاظ سے وکیل تھے جنہوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز بلدیاتی الیکشن سے کیا اور بھٹو دور میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، بعد میں پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرلی اور میاں نواز شریف کی پنجاب کابینہ کاحصہ بنے، مشرف دور میں چودھری پرویز الٰہی کی پنجاب کیبنٹ میں شمولیت اختیار کی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک بار پھر اقتدار میں آنے پر دوبارہ مسلم لیگ(ن) جائن کرلی ، 80سالہ محمد ارشد خان لودھی نے اپنی علالت کے باعث2018کے عام انتخابات میں ہڑپہ کے حلقہ پی پی199سے اپنے داماد نویداسلم خان لودھی کو مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پرالیکشن لڑایا جو پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،سینئر سیاستدان کو منگل کے روز دل کا دورہ پڑا جو جان لیواثابت ہوا،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اوراسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا اور سوگوارخاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں