منشیات کے استعمال کے خاتمہ کے سلسلہ میں ضلع بھر میں واکس اور تعلیمی اداروں میں لیکچرز کا اہتمام جاری

جمعرات 25 اپریل 2019 18:16

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) ساہیوال ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خاتمہ کے سلسلہ میں ضلع بھر میں واکس اور تعلیمی اداروں میں لیکچرز کا اہتمام جاری ہے۔اسی سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ساہیوال پیر ریاض احمد کی زیر قیادت جوگی چوک سے صدر چوک تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں انچارج ٹریفک ایجوکیشن اینڈ روڈسیفٹی ونگ عامر چیمہ ،انسپکٹر موٹروے محمد شاہد ،ریسکیو 1122کے افسران،صدر انجمن تاجران حاجی محمد لطیف اور شیخ نعمان آصف ،گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر انسٹرکٹر خالدمحمود اور ادارہ ہذا کے طلبا، معززین علاقہ ،سیاسی و سماجی تنظیموں،تاجر برادری، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر پیر ریاض احمد نے واک کے شرکا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف تعلیمی اداروں میں طلبا منشیات کا بہت زیادہ استعمال کر رہے ہیں جس کے سدباب اور نقصانات کے بارے میں اس واک کا انعقاد کیا گیا ہے ۔بدقسمتی سے ہماری نوجوان نسل میں دن بدن نشہ جیسی لعنت پنپ رہی ہے اور منشیات کا رجحان فروغ پارہا ہے۔اس سے ہماری آنے والی نسل اور ہمارے پیارے وطن پاکستان کے مستقبل اور ترقی کو خطرات درپیش ہیں لہذا اس سے چھٹکارہ پانا اور نوجوان نسل میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر پیر ریاض احمد نے مزید کہا کہ نشہ ایک لعنت ہے اپنے پیاروں اور بچوں کو اس لعنت سے نجات دلائیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں