ناجائز منافع خور معاشرے کا ناسور ہیں، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ہفتہ 18 مئی 2019 15:25

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خور معاشرے کا ناسور ہیں جنہیں غریب عوام کا مالی استحصال ہرگز نہیں کرنے دیا جائے گا اور ان کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈائون ماہ صیام کے بعد بھی جاری رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ہونیوالے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سبزی و پھلوں کی قیمتوں کو عوامی دسترس میں رکھنے کیلئے مارکیٹ کمیٹی اپنا کردار ادا کرے جبکہ دیگر اشیائے صرف کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سپیشل مجسٹریٹس اپنی کارروائیوں کو تیز کریں تا کہ عوام کو اس مقدس مہینے میں ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنا پیٹ بھرنے کیلئے کچھ لالچی عناصر اشیائے صرف کی خود ساختہ قلت کر کے مہنگائی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیںجو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں کیونکہ وہ ملک کے ساتھ ساتھ دین کے بھی دشمن ہیںجنہیں ان کے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک مختلف خلاف ورزیوں پر 1276 چھاپے مارے جا چکے ہیں جن میں 439 کو 8 لاکھ 21 ہزار 8 سو روپے کا جرمانہ کیا گیا ۔ 11 مختلف چھاپوں میں ملوث افرادکے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا جبکہ 12 افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں اور اس سلسلے میں کوئی پریشر نہ لیتے ہوئے قطعاً رعایت نہ برتی جائے ۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں