وزیر اعظم کے احساس کفالت پروگرام،ساہیوال میں اب تک ایک ارب 3 کروڑ 55 لاکھ 67 ہزار روپے تقسیم

جمعہ 29 مئی 2020 20:49

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وزیر اعظم کے احساس کفالت پروگرام کے تحت ضلع ساہیوال میں اب تک 85 ہزار 7 سو 10 مستحقین میں ایک ارب 3 کروڑ 55 لاکھ 67 ہزار روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ضلع بھر میں قائم 10 سنٹرز پر تقسیم کا یہ عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے ساہیوال شہر میں قائم کفالت سنٹر کے دورے کے موقع پر کہی ۔

انہوں نے بتایا کہ مستحقین کی سہولت کیلئے تحصیل ساہیوال کے 5 سنٹرز پر 26جبکہ تحصیل چیچہ وطنی کے 5 سنٹرز پر 21 بوتھ قائم کیے گئے ہیں اور تمام مستحقین کو کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات سے گذار کر 12 ہزار روپے نقد فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل ساہیوال میں مستحقین کی کل تعداد 73228 ہے جس میں سے اب تک 50967 افراد امداد حاصل کر چکے ہیں اسی طرح تحصیل چیچہ وطنی میں مستحقین کی کل تعداد 51316 ہے جس میں سے 34347 افراد کو امداد فراہم کی جا چکی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے دورے کے دوران مستحقین سے بھی بات چیت کی اور ان کو درپیش مشکلات خصوصا بائیو میٹرک سے متعلقہ شکایات سنیں ۔انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ شکایات کا نوٹس لے کر انہیں فوری دور کیا جائے ۔انہوں نے سنٹرپر فراہم کی گئی سہولیات خصوصا پینے کے پانی کی دستیابی ،بیٹھنے کی جگہ اور ہینڈ واش کیلئے صابن اور سینیٹائزر کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور مزید بہتری کے لیے ہدایات بھی دیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں