چیچہ وطنی،کمشنر علی بہادر قاضی کی زیر صدارت اجلاس، اشیا کی قیمتوں اور کورونا ویکسینیشن مہم کا تفصیلی جائزہ

منگل 28 ستمبر 2021 14:20

چیچہ وطنی،کمشنر  علی بہادر قاضی کی زیر صدارت  اجلاس، اشیا کی قیمتوں اور کورونا ویکسینیشن مہم کا تفصیلی جائزہ
چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس، ڈویژن میں روزمرہ اشیا کی قیمتوں اور کورونا ویکسینیشن مہم کا تفصیلی جائزہ، ڈویژن میں تعینات تمام پرائس مجسٹریٹس اپنی چیکنگ میں بہتری لائیں، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں اشیا صرف کی ریٹیل قیمتوں خصوصا آلو، پیاز اور ٹماٹر کی مقررہ قیمتوں اور رسدو طلب کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال واجد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر)محمد علی اعجاز، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، اے ڈی سی ریونیو پاک پتن ماہم آصف، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم کمبوہ اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر علی بہادر قاضی نے تمام سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی مانیٹرنگ کو موثر بنانے اور موقع پر پرائس مجسٹریٹس کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ روزمرہ اشیا صرف کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ہے جس میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے دوکانداروں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی اور ڈویژن کے تمام پرائس مجسٹریٹس بغیر کسی دبا کے کاروائیاں کریں۔ انہوں نے سہولت بازاروں میں سستے آٹے کی مسلسل فراہمی پر زور دیا اور محکمہ فوڈ کو ہدایت کی کہ ان بازاروں میں کسی صورت آٹے کی سپلائی میں کمی نہ آئے۔

انہوں نے منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم بنانے اور کسانوں کو سہولت مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عام خریدار کو مزید سستی اشیا  مل سکیں۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں جاری کورونا ویکسینیشن مہم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمشنر نے اسے پولیو مہم کی طرح چلانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسینیٹ کیا جا سکے۔ انہوں نے ویکسین کی کولڈ چین کو برقرار رکھنے اور گھر گھر جا کر ویکسینیشن لگانے کی بھی ہدایت کی۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں