مون سون سیزن میں تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرچیچہ وطنی

اتوار 19 جون 2022 14:10

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2022ء) مون سون سیزن میں ڈینگی مچھروں کے پھیلا ؤکے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس لیے تمام محکموں کو اس سیزن کے دوران الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔تمام دفاتر اور سرکاری بلڈنگز کی چھتوں کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ بارش کا پانی کھڑا نہ ہو اور ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ یاسر فرید نے منٹگمری ہال میں انسداد ڈینگی کاروائیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں پر عملددرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر گھروں، قبرستانوں، کباڑخانوں کا معائنہ کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے چار دن مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک ضلع ساہیوال میں 1525مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 112صرف پچھلے ایک ہفتہ کے دوران سامنے آئے ہیں جن میں دو کیس کنفرم ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کیسز مقامی نہیں ہیں تاہم پھر بھی محکمہ صحت کی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ان ڈور اور آوٹ ڈور ٹیمیں متعلقہ محکموں کے تعاون سے سرویلینس کو مزید بہتر کر رہی ہیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں