مون سون کی حالیہ بارش سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کا شدیدخطرہ ہے ، کمشنر ساہیوال ڈویژن

بدھ 22 جون 2022 15:50

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2022ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ مون سون کی حالیہ بارش سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کا شدیدخطرہ ہے جس کے تدارک کے لئے تمام محکمے اپنی کوششیں تیز کر دیں اور ڈینگی سرویلنس ٹیمیں زیادہ دلجمعی سے گھر گھر جا کر ڈینگی لاروا تلف کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی میں شہریوں کا تعاون ضرور حاصل کیا جائے اور انہیں اس سلسلے میں آگہی فراہم کی جائے وہ یہاں اپنے دفتر میں انسداد ڈینگی کارروائیوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر شفیق احمد ڈوگر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

انہو ں نے محکمہ صحت کی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ ان ڈور اور آٹ ڈور سرگرمیوں میں اضافہ کریں خصوصا پارکوں،قبرستانوں،مارکیٹس اور دوسرے پبلک مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنا عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر ممکن نہیں جس کے لئے بھرپور آگہی مہم بھی چلائی جائے اور انہیں اپنے گھروں خصوصا چھتوں، گملوں اور کھلی جگہ پر پڑے برتنوں سے پانی نکالنے بارے بتایا جائے۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے معاشرے کے بااثر طبقات خصوصا علما کرام کی خدمات بھی حاصل کی جائیں جو جمعہ کے خطبات میں ڈینگی لاروا کی تلفی بارے عوام کو آگہی دیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں