بارشوں کے دوران ڈینگی کے پھیلا ؤکے خطرات بڑھ جاتے ہیں ، ہر فرد اپنے اردگرد ماحول کو صاف ستھرا رکھے ، کمشنر ساہیوال

جمعرات 4 اگست 2022 16:54

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2022ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران ڈینگی کے پھیلا ؤکے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس لئے معاشرے کا ہر فرد اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھے اور اپنے گھروں اور محلے میں بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دے۔ انہوں نے گھروں،سکولوں، کالجوں اور سرکاری دفاتر کی چھتوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ نرسریز، قبرستانوں اور ٹائر شاپس کی صفائی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو ابتدائی مرحلے میں ہی کنٹرول کیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈینگی کنٹرول کے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد خضر افضال چوہدری اور تمام متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ زاہد پرویز وڑائچ اور اے ڈی سی آر پاکپتن ماہم آصف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ضلع اور تحصیل کی سطح پر ہفتہ میں دو دفعہ اجلاس منعقد کیا جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بارے موصول ہونے والی شکایات کو فوری حل کیا جائے اور ڈینگی کنٹرول کرنے کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے سکولز اور کالجز میں جاری آزادی تقریبات میں ڈینگی بارے بچوں کو آگہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ لوگوں کو ڈینگی بخار اور ڈینگی مچھر بارے آگہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے۔

کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے 22اگست سے27اگست تک ڈویژن بھر میں ڈینگی ویک منانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں اینٹمالوجسٹ صارفہ عاشق نے بتایا کہ اس سال ڈویژن بھر میں اب تک صرف 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو تمام ایمپورٹڈ ہیں تاہم 48 جگہوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی نہ کرنے پر ڈینگی ٹیموں نے 661 افراد کو نوٹس دئے اور 4 کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے۔ اس کے علاوہ ڈویژن بھر میں 1819 ڈینگی ھاٹ سپاٹس ہیں جن کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔\378

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں