جانوروں میں لمپی سکن بیماری کے پیش نظر کسانوں کو مالی نقصان سے بچانے کے لئے انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کمشنر ساہیوال ڈویژن

جمعہ 5 اگست 2022 21:56

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ جانوروں میں لمپی سکن بیماری کے پیش نظر کسانوں کو مالی نقصان سے بچانے کے لئے انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بیماری کے اثرات کو کم سے کم کرنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔جانوروں کو بیماری سے بچاؤکی ویکسین ڈویژن کے تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں دستیاب ہے۔

محکمہ لائیو سٹاک کے افسران فیلڈ میں نکلیں اور بیماری سے متعلق کسانوں کے خدشات دور کریں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں اپنے دفتر میں لمپی سکن بیماری کے حوالے سے ہونے والے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد خضرافضال چوہدری اور پاکپتن احمر سہیل کیفی اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگرسمیت محکمہ لائیوسٹاک کے افسران نے بھی شرکت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیمیں ہر گاؤں تک پہنچیں اور متاثرہ جانوروں کے اردگرد دوسرے صحت مند جانوروں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں ابتک 3319جانور بیماری کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 1275صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ صرف 54جانوروں کی موت ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں