وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، انسینریٹر اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا

مختلف شعبوں کا دورہ کیا، مریضوں کی مزاج پرسی کی،انسینریٹر پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہیپاٹائٹس فلٹرکلینک کا تفصیلی دورہ کیا شہباز شریف آپ حقیقی مسیحا ہیں ، ہیپاٹائٹس کے علاج کی سہولت کسی نعمت سے کم نہیں‘ایک مریض کی وزیراعلیٰ سے گفتگو عوام کی خدمت کیلئے زندگی وقف ہے ، ہر شہری کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا‘شہبازشریف وزیراعلیٰ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ کو ڈبل کرنے کا اعلان، موقع ملا تو عمارت کو ایک سال میں مکمل کرکے ہسپتال کی گنجائش دوگنا کرینگے ارب روپے کی لاگت سے چنیوٹ۔فیصل آباد روڈ کا منصوبہ بھی بنایا ہے، الیکشن کے بعد موقع ملا تو یہ سڑک 6 ماہ میں مکمل کریں گے‘میڈیا سے گفتگو

منگل 22 مئی 2018 18:36

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، انسینریٹر اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا
چنیوٹ /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، انسینریٹر اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور ضلعی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔انہوں نے ضلعی ہسپتال چنیوٹ میں انسینریٹر پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت سے انسینریٹر کی تنصیب بیماریوں کے پھیلاؤ کے سد باب کو یقینی بنائے گی۔

وزیر اعلی نے ضلعی ہسپتال چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس فلٹرکلینک کا تفصیلی دورہ کیا اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک میں مرض کی تشخیص ، مریض کے علاج اور بچاؤ کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایک مریض نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف آپ حقیقی مسیحا ہیں ، ہیپاٹائٹس کے علاج کی سہولت کسی نعمت سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے زندگی وقف ہے ، لوگوں کی دعائیں میرا قابل قدر اثاثہ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی ہسپتال چنیوٹ میں تعمیر نو کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ ضلعی ہسپتال میں اوپی ڈی ، ان ڈور بلاک، ایمرجنسی وارڈ اور تھیٹر ز کا دورہ کیا۔ مریضوں کو انفیکشن کے محفوظ رکھنے کیلئے تھیٹرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلعی ہسپتال میں داخل مریضوں کی مزاج پرسی کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ہر شہری کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی قطعا برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرکاری ہسپتال میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے وی وی آئی پی ہے ۔ مریضوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے چنیوٹ میں ایسا شاندار ہسپتال بنا کر عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ شہباز شریف جو کہتے ہیں ، کر کے دکھاتے ہیں، یہی حقیقی لیڈر شپ کا تقاضا ہے۔ وزیر اعلی نے نیک تمناؤں کے اظہار پر مریضوں اور لواحقین کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ضلع ہسپتال میں صحت عامہ کے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں حقیقی انقلاب برپا کیا ہے۔ ہسپتالو ںکا کلچر بدل دیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کو معیاری ادویات مفت مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے ضلعی ہسپتال کی تعمیر نو کی گئی ہے اور اسے بہترین ہسپتال بنایا گیا ہے۔ ایک وقت تھا جب مریض علاج کیلئے اس ہسپتال میں آتے نہیں تھے اور آج مریضوں کا بہت رش ہے میرے لئے یہ بات باعث تسکین ہے کہ مریض اب علاج کیلئے اس ہسپتال کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نئی جدید ایکسرے مشین لگائی گئی ہے۔ سی ٹی سکین مشین جلد لگ جائے گی۔

پنجاب حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کر رہی ہے۔ کچھ اضلاع میں یہ مشینیں لگ چکی ہیں جبکہ باقی اضلاع میں لگ رہی ہیں۔ تمام ضلعی ہسپتالوں میں مریضوں کا سی ٹی سکین مفت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ضلعی ہسپتالوں کی طرح یہاں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیب بنائیں گے جہاں اعلیٰ معیار کے ٹیسٹ مفت ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر اللہ نے موقع دیا اور 2018 کے انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ہمیں منتخب کیا تو چنیوٹ کے ضلعی ہسپتال کو ڈبل کر دیں گے۔

نئی عمارت کا کام فوری طور پر شروع ہوگا اور ایک سال کے اندر یہ عمارت مکمل کرکے اس ہسپتال کی گنجائش دگنی کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ۔فیصل آباد روڈ کیلئے 2 ارب روپے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ الیکشن کے بعد موقع ملا تو اس سڑک کو 6 ماہ میں بنا کر دیں گے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں