چنیوٹ کی تنیوں تحصلیوںمیں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

بدھ 14 اگست 2019 16:30

چنیوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) ملک بھر کی طرح ضلع چنیوٹ کی تنیوں تحصلیوں چنیوٹ،بھوآنہ اور لالیاں میں بھی پاکستان کا 72 ویں یوم آزادی نہایت جوش و خروش سے منایا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز پرچم کشائی میونسپل کمیٹی چنیوٹ سے ہوا۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب میونسپل کمیٹی چنیوٹ میں منعقد ہوئی،جبکہ پاکستانی قومی پرچم کے ساتھ کشمیری پرچم کو بھی بلند کیا گیا۔

تقریب میں ضلعی افسران سیاسی سماجی وکلا تاجر صحافیوں طلبا سمیت دیگر افراد کی شرکت کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کی گونج تقریب میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 72ویںیوم آزادی کی تقریب کا آغاز زیر صدارت ڈپٹی کمشنر/ایڈمنسٹریٹر طارق خان نیازی میونسپل کمیٹی چنیوٹ میں ہوا۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی۔

ڈی پی او سید حسنین حیدر ،ایم پی اے مہر تیمور احمد لالی، اسسٹنٹ کمشنرخضر حیات بھٹی ،اے ڈی سی جی میڈم غزالہ کنول ،ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف میاں شوکت علی تھہیم ایڈووکیٹ ، صدر و جنرل سیکرٹری بار سید جعفر علی جعفری ،شاہد یعقوب چوہدری، صدر ضلعی تاجران حاجی محمد جمیل فخری ، سی او ایجوکیشن چوہدری ذوالفقار حسین کے علاوہ ضلع بھر کے افسران نے شرکت کی۔

پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیااور پولیس مارچ پاسٹ پیش کیا گیا،جس کے بعد 14اگست کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی۔تقریب میںسی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف ، سی او میونسپل کمیٹی و ضلع کونسل انیس عباس ، رانا محمد نواز ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رائے محمد ارشاد،سخاوت کالرو، مسرت افزا،ڈپٹی ڈی او میڈم زاہدہ عظیم، انور بانو،ریسکیو 1122انچارج قیصر عباس ، سول ڈیفنس کے علاوہ دیگر سرکاری محکموں کے افسران تاجر برادری وکلاء، سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان،طلباء و طالبات،اساتذہ کرام، معلمات، علماء کرام و دیگر نے شرکت کی۔

سکولوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو شو پیش کیے جسے مہمانان گرامی نے تالیاں بجا کر خوب داد دی۔ ڈپٹی کمشنرطارق خان نیازی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم پاکستان کا 72واں یوم آزادی منا نے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیںآج تجدید عہد کا دن ہے ،آج کے دن کا مقصد صرف پرچم کشائی ، کچھ ٹیبلو ،کچھ ملی نغمے پڑھنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہم اپنے ماضی پر نظر ڈالیں اپنے حال کا مواذنہ کریں اور اپنے مستقبل کی پلاننگ کریں ،آج کے دن ہم یہ فیصلہ کر یں کہ ہم نے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے،آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولیں گے پاکستان کا بچہ بچہ، افواج پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی ، انڈیا کی جانب سے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں ، ایم پی اے مہر تیمور احمد لالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ زندہ قومیں اپنے خوشی کے دن کو بڑے جذبے کے ساتھ مناتے ہیں اور ہماری خوشیاں پاکستان کی بقاء و سلامتی قوم کے اتحاد سے وابستہ ہے ، یہ ملک ہے تو ہم ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

ڈی پی او سید حسنین حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14اگست محض اس بات کی دلالت نہیں کرتا کہ اس دن دنیا کا نقشہ تبدیل ہوا بلکہ اس دن برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی تقدیر تبدیل ہوئی ،دنیا کے نقشے پر جو پاکستان کا وجود لکیروں کی صورت میں نمودار ہوا تھا وہ لکیریں برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے خون سے سینچی گئیں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی ایسی قوموں کو معاف نہیں کرتا جو اپنے قائد کے احسان کو فراموش کر دے، ہم اگرآج بھی قرآن و سنت کو اپنا آئین بنا لیں اوراللہ اور اس کے رسول کی اطاعت ویسے ہی کریں جیسے اس نے حکم دیا ہے تو یقین کریں دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کامیابی سے نہیں روک سکتی۔

تقریب کے آخر میںتمام مہمانان گرامی نے عید کے دنوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میونسپل کمیٹی کے ورکرز میں کیشن پرائز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے،جس کے بعد یوم پاکستان کے حوالے سے اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی،جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی،ڈی پی او سید حسنین حیدر ،ایم پی اے مہر تیمور امجد لالی ودیگر نے کی۔ریلی میونسپل کمیٹی سے ڈپٹی کمشنر آفس تک نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء نے یوم پاکستان اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے اظہار کیلئے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،ریلی پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج رہی تھی۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں