چنیوٹ، پاک فوج اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

اتوار 15 ستمبر 2019 19:20

چنیوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) پاک فوج اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاک آرمی لورز اور انجمن تاجران کے زیر اہتمام پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت خواجہ معین الدین ڈویژنل ممبر امن کمیٹی نے کی۔ ریلی میں تاجران، وکلاء، میڈیا نمائندگان اور سوسائٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی جامع مسجد کھوکھرانوالی سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ختم نبوت چوک پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔

پورے راستے ریلی کے شرکاء پر اہلیان چنیوٹ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران چنیوٹ صدر خواجہ معین الدین ودیگر رہنمائوںمولانا نعیم الدین،محمد ادریس جنرل سیکرٹری انجمن تاجران حاجی اکرم ساگر، مصعب الحق رجوکہ و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام پاک فوج اور اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت پڑنے پر وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمریوں کو انکا حق خودارادیت جو کہ آزادی ہے وہ دیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انڈین آرمی کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم بند کریں اور فوری طور پر کرفیو ختم کروائیں۔ آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی، کشمیر اور پاک فوج کے شہداء کے لیے دعا کروائی گئی۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں