23 سال میں ایک ہی جرم کرتے 20 بار پکڑا جانے والا شخص پھر گرفتار

ملزم کو پہلی بار صرف 17 برس کی عمر میں 29 اپریل 1997ء کو پولیس نے گرفتار کیا لیکن وہ ضمانت پر رہا ہونے میں کامیاب ہوگیا ، جس کے بعد 2001ء سے 2020ء تک وہ متواتر اسی جرم میں گرفتار ہوتا رہا ، پولیس ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 نومبر 2020 17:05

23 سال میں ایک ہی جرم کرتے 20 بار پکڑا جانے والا شخص پھر گرفتار
چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 11 نومبر 2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں منشیات فروش عادی مجرم 23 سالوں میں 20 ویں مرتبہ گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے چنیوٹ کے محلہ لاہوری گیٹ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ محمد علی کو گرفتار کرلیا ، جس کے قبضے سے شراب کی 120 بوتلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملزم محمد علی نے 1990ء کی دہائی میں منشیات فروشی کا آغاز کیا ، جب کہ اس کو پہلی بار صرف 17 برس کی عمر میں 29 اپریل 1997ء کو سٹی پولیس نے گرفتار کیا لیکن وہ ضمانت پر رہا ہونے میں کامیاب ہوگیا ، جس کے بعد 2001ء سے 2020ء تک وہ متواتر اسی جرم میں گرفتار ہوتا رہا جہاں آخری بار اسے صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی پولیس نے 25 مئی کو گرفتار کیا لیکن اسے یا تو معمولی جرمانے کی سزا ہوئی یا زیادہ سے زیادہ 3 سال قید کی سزا ہوئی اور ایک بار جب وہ رہا ہوجاتا تو دوبارہ پھر وہی مجرمانہ سرگرمیاں شروع کردیتا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ضلع چنیوٹ میں پولیس نے مختلف علاقوں میں ریڈ کر کے سات منشیا ت فروش ملزمان کو گرفتار کر لیا ، منشیات فرو ش ملزمان کے قبضہ سے دو کلو سے زائد چرس اور 150 لیٹر شراب برآمد ہوئی ۔ گرفتار ملزمان میں محمد علی ، شریف ، آصف ، اسیر ، فیصل، مظہر اور اکرم شامل ہیں ، سب انسپکٹر وسیم سجاد، اے ایس آئی اعجاز اصغر ، اے ایس آئی محمد اسلم اور اے ایس آئی حسن رضا نے منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کیخلاف تھانہ صدر ، تھانہ بھوآنہ اور تھانہ لنگرآنہ میں مقدمات درج ہو چکے ہیں اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے تاہم منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوام پولیس کے ساتھ تعاون کرے ، آپ کے علاقہ میں منشیات فروشی کی صورت میں پولیس کو 15 یا ہیلپ لائن نمبر 0340-1515000 پر فوری اطلاع دیں ، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں