چنیوٹ ، سفاک شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی اور 7 ماہ کی بچی کو ذبح کرڈالا

ملزم کی یہ تیسری بیوی تھی ، جس نے پہلی بیوی کو کرنٹ لگا کر قتل کیا ، دوسری بیوی کو زندہ جلانے کی کوشش کی اور اس پر تشدد کرتا تھا جس پر اس نے طلاق لے لی ، اہل علاقہ کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 جنوری 2021 21:34

چنیوٹ ، سفاک شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی اور 7 ماہ کی بچی کو ذبح کرڈالا
چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2021ء) صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں سفاک شوہر نے بیوی اور 7 ماہ کی بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل کا یہ واقعہ ضلع چنیوٹ میں تھانہ سٹی کے علاقے محلہ ٹبہ کمانگراں میں پیش آیا ، جہاں گھریلو تنازع پر اعجاز سیال نامی ایک شخص نے تیز دھار آلے سے بیوی اور 7 ماہ کی کمسن بچی ہانیہ کو قتل کردیا ، ملزم اعجاز سیال کی یہ تیسری شادی تھی اس کی پہلی بیوی فوت ہوچکی ہے ، دوسری بیوی کو اس نے طلاق دی جب کہ تیسری بیوی نازیہ اور بیٹی ہانیہ کو ملزم نے اب قتل کردیا۔

اہل علاقہ کہتے ہیں کہ ملزم نے پہلی بیوی کو کرنٹ لگا کر قتل کیا تھا ، دوسری بیوی کو زندہ جلانے کی کوشش کی اور اس پر تشدد کرتا تھا جس پر خاتون نے اس سے طلاق لے لی ، جس کے بعد ملزم نے تیسری شادی چترال کے علاقے میں کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم اعجاز کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ، ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں جب کہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 4 سے ملحقہ قائداعظم کالونی میں 3 شادیاں کرنے والے شوہر کو بیوی نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مقتول نے 3 شادیاں کر رکھی تھیں اور تینوں بیویاں ساتھ رہتی تھیں۔ مقتول کے تینوں بیویوں سے 13 بچے ہیں ، گھریلو جھگڑے کے دوران ایک بیوی نے اشتعال میں آکر فائرنگ کردی جس سے شوہر موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ فائرنگ کرنے والی ملزمہ بیوی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے ڈوگراں والہ میں ماں کو 4 بچوں سمیت ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کر دیا گیا ، قتل کا یہ لرزہ خیز واقعہ گجرانوالہ کے علاقے میں تھانہ کینٹ کی حدود ڈوگرانوالہ میں پیش آیا ، جس میں ایک خاتون اور 4 معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ، واقعے کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے قتل ہونے والی خاتون قتل ہونے والے بچوں کی ماں ہے ، ماں کو بچوں سمیت بے دردی سے قتل کیا گیا ہے ، خاتون سمیت 5 افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ قتل کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا ، اہل محلہ نے خون دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ، قتل ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 12 سال تھیں ، پولیس کے مطابق واقعے کے وقت خاتون کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا ، بچوں کو الگ الگ لے جا کر قتل کیا گیا ، پولیس نے کیس کی تفتیش کا آغاز کر دیا تھا ، اس سلسلے میں خاتون کے شوہر کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں