دوستوں کی مشکل آسان کرنے کیلئے 10 سالہ بچہ چنگچی رکشہ لے کر سڑک پر نکل آیا

چنیوٹ کا10 سالہ بچہ اصغر چنگچی رکشہ چلا کر اپنے دوستوں کو اسکول چھوڑنے پہنچ گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 فروری 2021 18:50

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 فروری2021ء) پچھلے دنوں ملتان میں گاڑی چلانے والے بچے کا چرچہ رہا جو کہ محض 6 سال کی عمر میں گاڑی لے کر سڑک پر نکل آیا تھا ، جس کے بعد اب صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر چنیوٹ کا ایک 10 سالہ بچہ اصغر چنگچی رکشہ چلا کر اپنے دوستوں کو اسکول چھوڑنے پہنچ گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چنیوٹ کے رہائشی 10 سالہ بچے اصغر اور اس کے دیگر دوستوں کو اسکول جانے میں مشکلات درپیش تھیں ، جن کو حل کرنے کے لیے 10 سالہ اصغر نے اپنے چچا کا رکشہ نکالا اور خود چنگچی چلا کر دوستوں کو لے کر اسکول پہنچ گیا۔

دوسری طرف مظفر گڑھ کے رہائشی ایک کم سن بچے کی بھی ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں اسے مظفر گڑھ کی مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر کم سن بچے کی گاڑی چلانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو مقامی پولیس فوری طور پر حرکت میں آ گئی۔

مقامی پولیس نے ویڈیو کی مدد سے بچے اور گاڑی کی نشاندہی کی جس کے بعد اس معاملے پر ڈی پی او مظفرگڑھ نے فوری احکامات جاری کر دئے۔

ڈی پی او مظفرگڑھ احسن اقبال کے حکم پر تھانہ سرور شہید پولیس نے فوری کارروائی کی ۔ پولیس کے مطابق بچے کی عمر بارہ سال ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گاڑی کے مالک محمد ندیم کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق گاڑی کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ملتان کے رہائشی پانچ سالہ ننھے فہد کی ملتان کی شاہراہ پر گاڑی چلانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ۔

شناخت کے بعد 28 جنوری کو ملتان میں لینڈ کروزر چلانے والے 5 سالہ بچے کے والد کو پولیس نے ایک ہزار روپیہ جُرمانہ کیا تھا۔ 28 جنوری کو بچہ اپنے والد کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچا۔ جس پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرکے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ، جب کہ بچے کے والد نے سی ٹی او ملتان کو بیان حلفی جمع کروایا جس میں 5 سالہ بچے کے والد نے پولیس کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ بچہ آئندہ گاڑی نہیں چلائے گا۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں