منشیات سے متعلق آگاہی، چنیوٹ پولیس کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد

پیر 10 دسمبر 2018 21:59

چنیوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحانات ،سکول کالجز میں طلباء کو منشیات سے متعلق آگاہی دینے کیلئے چنیوٹ پولیس کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی واک میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ محمد انور کھیتران،ڈی ایس پی سٹی محمد اعظم،ڈی ایس پی ٹریفک عبدالمجید،پی آر او وقاص احمد ایس آئی،دیگر پولیس افسران،ایم پی اے سید حسن مرتضیٰ،ایم پی اے تیمور امجد لالی،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نمائندگان،سکول و کالجز کے طلباء اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

طلباء نے منشیات کے نقصانات اور آگاہی سے متعلق بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر شرکاء نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت منشیات ہمارے معاشرے میں ناسور کی طرح سرایت کرچکی ہے۔منشیات سے ایک فرد نہیں بلکہ خاندان تباہ ہورہے ہیں۔منشیات سے ہماری نوجوان نسل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔سکول،کالجز کے طلباء کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ مستقبل کے معماروں کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔عوامی نمائندگان ، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے منشیات کے مکمل خاتمہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں