پنجاب میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ، چنیوٹ میں باپ نے 3 بچوں اور اہلیہ کو قتل کر نے کے بعد خودکشی کرلی

ہفتہ 16 مارچ 2019 21:24

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2019ء) چنیوٹ میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ اور 3 کم عمر بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزم 40 سالہ اعجاز علی چنیوٹ میں محلہ غفور آباد کا رہائشی تھا۔ ملزم نے اپنی اہلیہ 32 سالہ روبینہ، 5 سالہ بیٹے ابو بکر، 4 سالہ بیٹی تحریم اور 3 سالہ مرتضین کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مار لی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او چنیوٹ انور پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے، جہاں ان کے ساتھ موجود کرائم سین یونٹ ٹیم کے اہلکاروں نے شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ڈی پی او نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ خاندان کے دیگر افراد کے مطابق اعجاز مالی طور پر مستحکم تھا جبکہ اسے کسی قسم کا ذہنی عارضہ بھی لاحق نہیں تھا۔

(جاری ہے)

اعجاز کے بھتیجے نے بتایا کہ انہوں نے صبح 5 گولیوں کی آوازیں سنیں جس کے بعد وہ گھر میں داخل ہوئے تو تمام افراد ہلاک ہوچکے تھے۔

ایس ایچ او شبیر بلوچ نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں قصور کے علاقے میں بھی ایسے ہی ایک واقعے میں ایک شخص نے اہلیہ اور بچوں کو قتل کردیا تھا جبکہ ایک بیٹا زخمی ہوگیا تھا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں