چنیوٹ میں بھی کشمیری عورتوں کے وقار کی بحالی کے طور پر دن منایا گیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:17

چنیوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق دیگر اضلاع کی طرح چنیوٹ میں بھی کشمیری عورتوں کے وقار کی بحالی کے طور پر دن منایا گیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سکول و کالج ونگ کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں ،جن کی قیادت ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کی ،ریلی میں مختلف سکولوں و کالجوں کی سینکڑوں طالبات ، معلمات ، لیکچرارز ، فی میل آفیسرز کے علاوہ سی او ایجوکیشن چوہدری ذوالفقار حسین ، ڈی او سیکنڈری رائے ارشاد ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لقمان عالم وینس ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مس فرخ رضوان ، ڈی او ایلیمنٹری فی میل مسرت افزاء ،ڈپٹی ڈی او میڈم زاہدہ عظیم ، مس مہناز رفیع کے علاوہ دیگر ہیڈ ٹیچرز اور سول سوسائٹی کی خواتین نے شرکت کی ، ریلی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ،سیٹلائٹ ٹائون گرلز ہائی سکول ، گرلز ڈگری کالج کی طالبات اور معلمات نے پاکستانی و کشمیری پرچم، پلے کارڈزاور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے اور فضاء پاک فوج زندہ باد ،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج رہی تھی ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کہا کہ آج چنیوٹ کی خواتین اپنی کشمیری بہنوں سے اظہار یکجہتی اور انکے وقار کی بحالی کیلئے سینکڑوں کی تعداد میں اکٹھی ہوئی ہیں اور کشمیری خواتین کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ریلی کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے کرفیو لگا کر ظلم و بربریت ،انسانی حقوق کی پامالی، تشدد اور خواتین بچوں بوڑھوں مریضوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو فوری طور پر ختم کروایا جائے ، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہے جو پاکستانی حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کشمیر کی آزادی کی تحریک میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں