چنیوٹ، ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی کا سول ڈیفنس آفیسر کو غیر قانونی پیٹرول پمپس ، گیس ریفلنگ کرنیوالوں کیخلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:29

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی کا سول ڈیفنس آفیسر کو غیر قانونی پیٹرول پمپس ، گیس ریفلنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے گزشتہ روز سول ڈیفنس آفیسر چوہدری محمد صدیق کوایک میٹنگ کے دوران احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے تمام پیٹرول پمپس کو چیک کریں اور انکے ایکسپلوزیولائسنس چیک کریں اور وہاں آگ بجھانے کے آلات سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کو چیک کریں ، لائسنس نہ رکھنے والے یا اسکی تجدید نہ کروانے والے اور حفاظتی انتظامات مکمل نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کو سیل کریں اور انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر ریفلنگ کرنے والوں اور منی پیٹرول پمپس چلانے والوں کے خلاف بھی کاروائیوں کو مزید تیز کریں ، انکا کہنا تھا کہ یہ لوگ انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہیں جو غیر مناسب جگہوں پر تیل ایجنسیاں بنا کر بغیر لائسنس و حفاظتی انتظامات یہ کاروبار کر رہے ہیں اور ایسے لوگ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، سول ڈیفنس آفیسر چوہدری محمد صدیق نے ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ محکمہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی پیٹرول پمپس اور گیس ریفلنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 6افراد کے خلاف ایف آئی آر جبکہ جرمانوں کیلئے 15چالان سول جج کی عدالت میںجمع کروا دیے گئے ہیں ، چوہدری صدیق نے مزید بتایا کہ وہ اور انکی پوری ٹیم ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے اپنے کاروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور ضلع چنیوٹ کو بہت جلد ان غیر قانونی پیٹرول پمپس اور گیس ریفلنگ کرنے والوں سے پاک کر دیا جائے گا ۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں