پولیو کے خلاف حکومتی اقدامات کو نتیجہ خیز ہونا چاہیے، ڈی سی چنیوٹ

بدھ 11 دسمبر 2019 21:08

چنیوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نیکہا ہے کہ پولیو کے مرض کے خلاف حکومتی اقدامات کو نتیجہ خیز ہونا چاہیے اور مہم میں فرائض انجام دینے والے سٹاف کو جدید تقاضوں کے مطابق ٹرینڈ ہونا چاہیے، 16 دسمبر سے شروع ہونی والی پولیو مہم کے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے محنت اور جذبہ سے کام کرنا ہو گا اس سلسلہ میں ہیلتھ افسران مائیکرو پلان ترتیب دیں۔

یہ ہدایات انہوں نے انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں (DPEC) کے اجلاس میں دیں۔اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے پولیو مہم کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف نے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16تا 20دسمبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 48 ہزار 2 سو 86 بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی اور اس مہم میں ضلع چنیوٹ کی تینوں تحصیلوں کی 44 یونین کونسلز میں 552 پولیو ٹیمیں جن میں سے 51 فکس اور 30 ٹرانزٹ ٹیمیں 44 یو سی ایم اوز اور 119 ایریا انچارج حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اے ڈی سی جی عمران عصمت، اسسٹنٹ کمشنرز حافظ عمران، فضل عباس، ڈی ایس پی سٹی محمد خالد، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس ملک ندیم،سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر مہار اختر، ڈپٹی ڈی اوز ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مس فرخ رضوان،اے ڈی ایل جی، ایم ایس ڈی ایچ کیو و ٹی ایچ کیوز کے علاوہ،ہیلتھ،ایجوکیشن،اوقاف دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، این جی اوز نمائندگان اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے جملہ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹس اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دیں۔ انکا کہنا تھا کہ پولیو کا جڑ سے خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم پوری ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو ٹریننگ دینے والوں سے سرٹیفیکیٹ لیے جائیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق اہم مقامات پر سوشل اویئرنس کیمپ لگائے جائیں،جہاں عوام الناس کو ویڈیو سلائیڈ کے ذریعے پولیو کے مرض بارے آگاہی دی جائے اور پولیو مہم کے دوران تمام علاقوں کی مساجد میں بچوان کو پولیو ویکسین پلانے کے بارے اعلانات کروائیں تاکہ اس مہم میں پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی پولیو کے قطرے پیے بغیر نہ رہے ۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں