آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس مسلم کالونی چناب نگر داخلی جملہ انتظامات آخری مراحل میں پہنچ گئے

ملک بھر سے ہزاروں رضاکاران ختم نبوت اور شمع رسالت کے پروانے قافلوں اور وفود کی شکل میں شرکت کریں گے

پیر 19 اکتوبر 2020 20:07

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس مسلم کالونی چناب نگرکے داخلی جملہ انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔ ملک بھر سے ہزاروں رضاکاران ختم نبوت اور شمع رسالت کے پروانے قافلوں اور وفود کی شکل میں شرکت کریں گے۔ ضلع چنیوٹ کے ڈی سی جناب محمد ریاض، ڈی پی او جناب شیخ ظفر بلال، ڈی ایس پی لالیاں، اے سی لالیاں اور حساس اداروں کے ذمہ داران نے مولانا غلام مصطفی اور کانفرنس کی منتظمہ سے ملاقات کرکے پنڈال کی سیکورٹی و حفاظتی انتظامات کا بخوبی جائزہ لیا۔

کانفرنس سے مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، مبلغین ختم نبوت، ممتاز دانشور اور نامور وکلاء خطاب کریںگے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام22,23 اکتوبر کو مسلم کالونی چناب نگر میں منعقد ہونے والی 39 ویں آل پاکستان دو روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف علاقوں سے آئے ہوئے رضاکاران ختم نبوت کی انتظامی کمیٹیاں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما و کانفرنس کے منتظمین مولانا الله وسایا، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا غلام مصطفی، اور مولانا عبدالحکیم نعمانی نے پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرکاء اور مندوبین کے لئے وسیع و عریض پنڈال تیار کیا جارہا ہے۔ چنیوٹ کے ڈی سی جناب محمد ریاض، ڈی پی او جناب شیخ ظفر بلال، ڈی ایس پی لالیاں اور اے سی لالیاں اور سیکورٹی اداروں کے افراد نے پنڈال کا دورہ کیا اور تمام انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے بعض اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بلدیہ چناب نگر پنڈال کے قرب و جوار صفائی کے مراحل میں مصروف عمل ہے۔ کانفرنس سے تمام مکاتب فکر کے ممتاز علماء کرام، مذہبی و دینی قیادت، مبلغین ختم نبوت، زعماء ملت اور متعدد روحانی و سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔ کانفرنس کی تمام تر آڈیو کارروائی سوشل میڈیا اورر انٹرنیٹ پر نشر کی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ کانفرنس امت مسلمہ کے قلوب و اذہان میں عشق رسالت کے چراغ روشن کرے گی۔

ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کے فروغ کی جدو جہد کے لئے سنگ میل اور فتنہ قادیانیت کی ارتدادی سرگرمیوں کے تدارک کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ کانفرنس سے مقررین و مدعووین توحید باری تعالیٰ، عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت و فضیلت، حیات و نزول عیسیٰ علیہ السلام، ظہور امام مہدی علیہ الرضوان، عظمت صحابہؓ و اہل بیتؓ، استحکام پاکستان، اتحاد امت مسلمہ اور فتنہ قادیانیت کی موجودہ صورت حال کے موضوعات پر خطابات کریں گے۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں